صحیح بخاری 4929: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، موسیٰ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ لِتَعْجَلَ بِهٖ کے متعلق روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ پر جب جبریلؑ وحی لے کر نازل ہوتے آپؐ کو سخت تکلیف ہوتی اور آپؐ اپنی زبان اور اپنے ہونٹوں کو بھی ہلایا کرتے تھے اور آپؐ کی یہ حالت لوگوں کو معلوم ہو جاتی۔ اس لئے اللہ نے یہ آیت نازل کی جو سورۂ لَاۤ اُقْسِمُ بِيَوْمِ الْقِيٰمَةِ میں ہے: لَا تُحَرِّكْ … یعنی تو اِس کے ساتھ اپنی زبان کو مت ہلا تا کہ اسے جلدی سے یاد کرلے۔ ہمارے ذمہ ہی اس کا اکٹھا کرنا اور اِس کی ترتیب دینا ہے۔ (حضرت ابن عباسؓ نے) کہا: اس سے یہ مراد ہے کہ یہ ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کو تمہارے سینہ میں محفوظ کر دیں اور اس کو پڑھا دیں۔ فَاِذَا قَرَاْنٰهُ فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَهٗ یعنی جب ہم اس کو نازل کریں تم خاموشی سے سنتے رہو۔ ثُمَّ اِنَّ عَلَيْنَا بَيَانَهٗ پھر ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کو تیری زبان سے کھول کر بیان کریں۔ (حضرت ابن عباسؓ) کہتے تھے: پھر جب جبرائیلؑ آپؐ کے پاس آتے تو آپؐ سر نیچے جھکا دیتے اور غور سے سنتے۔ جب وہ چلے جاتے تو آپؐ اس کو پڑھتے۔ جیسا کہ اللہ نے آپؐ سے وعدہ کیا۔ (اور آیت) اَوْلٰى لَكَ فَاَوْلٰى کے معنی ہیں تم پر ہلاکت ہو اور پھر ہلاکت ہو۔ یہ دھمکی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 2: باب {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلاَ الضَّالِّينَ}