صحیح بخاری 4985: باب نَزَلَ الْقُرْآنُ بِلِسَانِ قُرَيْشٍ وَالْعَرَبِ
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے ہم سے بیان کیا۔ نیز مسدد نے بھی کہا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عطاء (بن ابی رباح) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: صفوان بن یعلیٰ بن امیہ نے مجھے بتایا کہ حضرت یعلیٰؓ کہا کرتے تھے: کاش کہ میں رسول اللہ ﷺ کو اس وقت دیکھوں جب آپؐ پر وحی نازل کی جارہی ہو۔ پھر جب نبی ﷺ جعرانہ میں تھے آپؐ پر ایک کپڑا تھا جس نے آپؐ پر سایہ کیا ہوا تھا اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ تھے۔ اتنے میں آپؐ کے پاس ایک شخص آیا جو خوشبو میں لتھڑا ہوا تھا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس شخص کے متعلق کیا سمجھتے ہیں کہ جو ایسے جبے میں احرام باندھے جبکہ وہ جبہ خوشبو سے لتھڑ چکا ہو۔ نبی ﷺ کچھ دیر تک دیکھتے رہے۔ پھر آپؐ کے پاس وحی آئی۔ حضرت عمرؓ نے یعلیٰؓ کو اشارہ کیا کہ آؤ۔ حضرت یعلیٰؓ آئے، انہوں نے اپنا سر اندر کیا۔ کیا دیکھتے ہیں کہ آپؐ کا چہرہ سرخ ہے۔ آپؐ بلند آواز سے سانس لے رہے ہیں۔ ایک گھڑی اس طرح حالت رہی پھر آپؐ سے وہ حالت جاتی رہی۔ اور آپؐ نے پوچھا: وہ شخص کہاں ہے جس نے مجھے ابھی عمرہ کے متعلق پوچھا تھا۔ اس شخص کو ڈھونڈ کر نبی ﷺ کے پاس لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ جو خوشبو تمہیں لگی ہوئی ہے اس کو تین بار دھو ڈالو اور جو جبہ ہے اس کو اتار دو پھر اپنے عمرہ میں وہی کرو جو اپنے حج میں کرتے ہو۔