صحیح بخاری 5030: باب الْقِرَاءَةِ عَنْ ظَهْرِ الْقَلْبِ
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم (سلمہ بن دینار) سے، ابو حازم نے سہل بن سعد سے روایت کی کہ ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! میں اس لئے آئی ہوں کہ اپنے تئیں آپؐ کو ہبہ کر دوں۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو نظر اٹھا کر دیکھا اور نظر کو نیچے کر لیا اور پھر اپنا سر جھکا لیا۔ جب عورت نے دیکھا کہ آپؐ نے اس کے متعلق کچھ فیصلہ نہیں کیا تو بیٹھ گئی۔ آپؐ کے صحابہ میں سے ایک شخص اٹھا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! اگر آپؐ کو اس (عورت) کی حاجت نہیں تو مجھ سے اس کا نکاح کر دیجئے۔ آپؐ نے اس سے فرمایا: کیا تمہارے پاس کچھ ہے۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا کچھ نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے رشتہ داروں کے پاس جاؤ اور دیکھو کیا تمہیں کچھ مل سکتا ہے۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: نہیں، یا رسول اللہ! بخدا مجھے کچھ نہیں ملا۔ آپؐ نے فرمایا: دیکھو، خواہ لوہے کی انگوٹھی ہی سہی۔ وہ گیا اور پھر لوٹ آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! بخدا کچھ نہیں، لوہے کی انگوٹھی بھی نہیں مگر یہ میرا تہہ بند ہے۔ سہل کہتے تھے: اس کے پاس اوپر اوڑھنے کی چادر بھی نہ تھی۔ (وہ کہنے لگا:) یہ تہہ بند اس کو آدھا دئیے دیتا ہوں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے تہہ بند سے وہ کیا کرے گی۔ اگر تم نے وہ پہنا تو اس عورت پر اس میں سے کچھ نہ رہے گا اور اگر اس نے پہنا تو تم پر کچھ نہ رہے گا۔ یہ سن کر وہ شخص بیٹھ گیا اور دیر تک بیٹھا رہا۔ پھر وہ اٹھ کر چل دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کو پیٹھ موڑے ہوئے جاتے دیکھا۔ آپؐ نے اس کو بلانے کا حکم دیا اور اسے بلایا گیا۔ جب وہ آیا تو آپؐ نے پوچھا: تمہیں کتنا قرآن یاد ہے۔ اس نے کہا: مجھے فلاں فلاں سورت یاد ہے۔ اس نے ان کو شمار کیا۔ آپؐ نے پوچھا: کیا تم ان سورتوں کو زبانی پڑھتے ہو۔ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: جاؤ میں نے یہ عورت تمہارے قبضے میں کر دی ان (سورتوں) کے عوض میں جو تمہیں قرآن سے یاد ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah