صحیح بخاری 5052: بَابٌ في كَمْ يُقْرَأُ الْقُرْآنُ
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ (بن مقسم) سے، مغیرہ نے مجاہد (بن جبیر) سے، مجاہد نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے باپ نے ایک خاندانی عورت سے میرا نکاح کردیا اور وہ اپنی بہو کی ہمیشہ خبر گیری کرتے رہتے تھے اور اس سے اس کے خاوند کے متعلق پوچھتے تو وہ کہتی: (میرا خاوند بہت) اچھا مرد ہے۔ ایسا مرد ہے جب سے ہم اس کے پاس آئے ہیں ہمارے بستر پر قدم نہیں رکھا۔ اور ہمارے پہلو کو کبھی نہیں ٹٹولا جب سے ہم اس کے پاس آئے ہیں۔ جب دیر تک یہی حال رہا تو حضرت عمروؓ نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے اس سے ملاؤ۔ (حضرت عبداللہؓ کہتے تھے:) میں اس کے بعد آپؐ سے ملا۔ آپؐ نے فرمایا: تم کیسے روزے رکھتے ہو؟ میں نے کہا: میں ہر روز روزہ رکھتا ہوں۔ آپؐ نے پوچھا: قرآن کتنے دنوں میں ختم کرتے ہو؟ میں نے کہا: ہر ایک رات۔ آپؐ نے فرمایا: ہر مہینے میں تین دن روزہ رکھو اور ہر مہینہ میں سارا قرآن پڑھا کرو۔ (حضرت عبداللہؓ ) کہتے تھے میں نے کہا: میں اس سے زیادہ طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: جمعہ میں تین دن روزہ رکھو۔ (حضرت عبداللہؓ ) کہتے تھے میں نے کہا: میں اس سے زیادہ طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: دو دن روزہ چھوڑو اور ایک دن روزہ رکھو۔ حضرت عبداللہؓ کہتے تھے: میں نے کہا: میں اس سے بھی زیادہ طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: وہ روزہ رکھو جو تمام روزوں سے افضل ہے یعنی داؤدؑ کا روزہ۔ ایک دن روزہ رکھنا اور ایک دن روزہ چھوڑنا اور ہر سات راتوں میں ایک بار قرآن ختم کیا کرو۔ کاش کہ میں رسول اللہ ﷺ کی رخصت قبول کرلیتا کیونکہ میں بوڑھا ہوگیا ہوں اور کمزور ہوگیا ہوں۔ آخر وہ اپنے گھر والوں میں سے کسی کے سامنے دن کو قرآن کا ساتواں حصہ پڑھتے یعنی جو رات کو پڑھا کرتے وہ دن کو سناتے تا کہ ان کے لئے رات کو پڑھنا آسان ہو، اور جب وہ طاقت حاصل کرنا چاہتے تو کئی دن تک افطار کرتے اور ان کو گن رکھتے اور پھر اتنے ہی دن روزہ رکھتے اس لئے کہ وہ اس کو برا سمجھتے تھے کہ وہ نبی ﷺ کے بعد کوئی ایسی بات چھوڑیں کہ جس پر عمل کرنے کے لئے آپؐ سے (وعدہ) ٹھہرا تھا۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: بعض راویوں نے اس حدیث میں یوں نقل کیا: تین راتوں میں یا پانچ راتوں میں اور ان میں سے اکثر سات پر متفق ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah