صحیح بخاری 5063: باب التَّرْغِيبُ فِي النِّكَاحِ
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی۔ حُمَید بن ابی حُمَید طویل نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: تین شخص نبی ﷺ کی ازواج کے گھروں پر آئے اور پوچھنے لگے کہ نبی ﷺ کس طرح عبادت کیا کرتے ہیں۔ جب انہیں بتایا گیا، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ انہوں نے اسے کم خیال کیا۔ وہ کہنے لگے: نبی ﷺ سے ہمیں کیا نسبت۔ اللہ نے انہیں جو بھی اُن سے پہلے قصور ہو چکے یا بعد میں ہونے والے تھے سب معاف کر دئیے۔ ان میں سے ایک نے کہا: میں جو ہوں تو میں رات بھر نماز پڑھوں گا اور دوسرے نے کہا: میں ہمیشہ روزہ رکھوں گا اور کبھی نہیں چھوڑوں گا اور تیسرے نے کہا: میں عورتوں سے الگ رہوں گا اور کبھی شادی نہ کروں گا۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ تشریف لے آئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم وہ لوگ ہو جنہوں نے ایسا ایسا کہا ہے؟ سنو! اللہ کی قسم! میں تم سے زیادہ اللہ کے حضور عاجزی کرتا ہوں اور تم سے زیادہ اس کی ناراضگی سے ڈرتا ہوں مگر میں روزہ بھی رکھتا ہوں اور افطار بھی کرتا ہوں اور نماز بھی پڑھتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور عورتوں سے شادی بھی کرتا ہوں۔ سو جس نے میرے طریقے کو ناپسند کیا اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔