صحیح بخاری 5064: باب التَّرْغِيبُ فِي النِّكَاحِ
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حسان بن ابراہیم سے سنا۔ حسان نے یونس بن یزید (ایلی) سے، یونس نے زُہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے عروہ (بن زبیر) نے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے اللہ تعالیٰ کے قول وَاِنْ خِفْتُمْ اَلَّا تُقْسِطُوْا…۔ کے متعلق پوچھا۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا: میرے بھانجے! (یہ) وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سرپرست کی پرورش میں ہو اَور وہ اس کی جائیداد اور اس کی خوبصورتی پر للچاتے ہوئے چاہتا ہے کہ رواج کے مطابق جو اُس کا حق مہر ہے اس سے کم دے کر اس سے شادی کر لے۔ اس لئے انہیں ایسی یتیم لڑکیوں سے نکاح کرنے سے روک دیا گیا سوائے اس کے کہ وہ ان کے حق میں انصاف کریں اور اُن کو پورا پورا حق مہر دیں۔ اور ان کے سوا دوسری عورتوں سے نکاح کرنے کا انہیں حکم دیا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah