صحیح بخاری 5079: باب الثَّيِّبَاتِ
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا۔ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ سیار (بن ابی سیار وردن) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک غزوہ سے واپس لوٹے۔ میں اپنے ایک سُست اُونٹ کو جلدی چلانے کی کوشش کر رہا تھا کہ میرے پیچھے سے ایک سوار مجھے آ ملا اور اُس نے اپنے بھالے سے جو اُس کے پاس تھا میرے اُونٹ کو چوب دی تو میرا اُونٹ ایسی عمدگی سے چلنے لگا کہ جو تم اونٹ چلتے دیکھا کرتے ہو۔ میں کیا دیکھتا ہوں نبی ﷺ ہیں۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کیا جلدی پڑی ہے؟ میں نے عرض کیا: میں نے نئی نئی شادی کی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: باکرہ سے یا ثیبہ سے؟ میں نے کہا: ثیبہ سے۔ آپؐ نے فرمایا: باکرہ کیوں نہ کی؟ تم اُس سے کھیلتے اور وہ تم سے کھیلتی۔ (حضرت جابرؓ) کہتے تھے: جب ہم مدینہ داخل ہونے لگے آپؐ نے فرمایا: ٹھہر جاؤ۔ رات کو یعنی عشاء کے وقت داخل ہونا تا کہ پراگندہ بالوں والی کنگھی کر لے اور جس کا خاوند غائب رہا ہو وہ پاکی کر لے۔