صحیح بخاری 5092: باب الأَكْفَاءِ فِي الْمَالِ، وَتَزْوِيجِ الْمُقِلِّ الْمُثْرِيَةَ
یحيٰ بن بُکَیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے خبر دی کہ اُنہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: وَ اِنْ خِفْتُمْ… سے کیا مراد ہے؟ انہوں نے فرمایا: میرے بھانجے یہ وہ یتیم لڑکی ہے جو اپنے سر پرست کی پرورش میں ہو اور وہ اس کی خوبصورتی اور اس کی جائیداد پر للچاتے ہوئے یہ چاہے کہ اس سے نکاح کرلے اور اس کو مہر بھی کم دے۔ اس لئے انہیں ایسی یتیم لڑکیوں سے نکاح کرنے سے روک دیا سوائے اس کے کہ وہ پورا پورا حق مہر ادا کرنے میں انصاف کریں۔ اور انہیں ان کے سوا عورتوں سے نکاح کرنے کے لئے حکم دیا گیا۔ فرماتی تھیں کہ لوگوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس کے بعد فتویٰ پوچھا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل کی: وَيَسْتَفْتُوْنَكَ۠ فِي النِّسَآءِ… اس لئے اللہ نے ان کے لئے یہ حکم نازل کیا کہ یتیم اگر خوبصورت اور مالدار ہو، وہ پورا مہر ادا کرکے اس سے نکاح کرنے اور اس کے خاندان سے تعلق پیدا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اور اگر وہ بوجہ اپنے مال اور خوبصورتی کی کمی کے ناپسندیدہ ہے تو وہ اس کو چھوڑ دیتے ہیں اور اس کے سوا اَور عورتوں کو لیتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: تو جیسا کہ یہ لوگ اس یتیم لڑکی کو اُس وقت چھوڑ دیتے ہیں جب وہ اُن کے لئے بے رغبت ہو تو اُن کا کوئی حق نہیں کہ وہ اس یتیم لڑکی سے نکاح کرلیں جبکہ اس کی خواہش رکھتے ہوں۔ مگر اسی حالت میں کہ وہ اس کے حق میں انصاف کریں اور اُس کو جو اُس کا مہر میں حق ہے پورا کا پورا دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 17: باب الأَكْفَاءِ فِي الْمَالِ، وَتَزْوِيجِ الْمُقِلِّ الْمُثْرِيَةَ