صحیح بخاری 5167: باب الْوَلِيمَةِ وَلَوْ بِشَاةٍ
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: حمید (طویل) نے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا، وہ کہتے تھے: نبی ﷺ نے حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ سے پوچھا اور اُنہوں نے ایک انصاری عورت سے شادی کی تھی، تم نے اُس کو مہر کتنا دیا؟ اُنہوں نے عرض کیا، کھجور کی گٹھلی برابر سونا۔ اور (اِسی سند سے) حُمَید سے مروی ہے، اُنہوں نے کہا کہ میں نے حضرت انسؓ سے سنا وہ کہتے تھے کہ جب صحابہؓ مدینہ میں آئے تو مہاجرین انصار کے پاس اُترے اور حضرت عبدالرحمٰنؓ بن عوف حضرت سعدؓ بن ربیعؓ کے پاس اترے تھے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: میں تمہیں اپنی جائیداد آدھی دئیے دیتا ہوں اور اپنی دونوں بیویوں میں سے ایک سے تمہارے لیے دست بردار ہو جاتا ہوں۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ نے کہا: اللہ تمہیں تمہاری بیویوں اور تمہارے مال میں برکت دے۔ پھر وہ منڈی کو گئے اور وہاں بیچا اور خریدا اور کچھ پنیر اور گھی نفع میں لیا اور آخر اُنہوں نے شادی کی اور نبی ﷺ نے اُن سے فرمایا: ولیمہ کرو گو ایک بکری سہی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah