صحیح بخاری 5344: بَابُ: {وَالَّذِينَ يُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَيَذَرُونَ أَزْوَاجًا} إِلَى قَوْلِهِ: {بِمَا …
اسحاق بن منصور نے مجھ سے بیان کیا کہ رَوح بن عبادہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے شبل سے، شبل نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے روایت کی۔ وَ الَّذِيْنَ يُتَوَفَّوْنَ مِنْكُمْ وَ يَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا جو آیت ہے، انہوں نے کہا: یہ وہ عدت تھی جو عورت اپنے خاوند کے گھر والوں کے پاس ضروری طور پر گزارا کرتی تھی اس لئے اللہ نے یہ حکم نازل کیا: تم میں سے جو فوت ہوں اور بیویاں چھوڑ جائیں تو وہ اپنی بیویوں کے لئے وصیت کر جائیں کہ ایک سال تک انہیں فائدہ اٹھانے دینا ہوگا بغیر اس کے کہ نکالی جائیں۔ اگر وہ خود نکلیں تو تم پر کوئی گناہ نہیں۔ اس بھلے کام کی وجہ سے جو انہوں نے اپنے لئے خود بخود کیا ہے۔ مجاہد نے کہا: اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے سات مہینے اور بیس راتیں بڑھا کر سال پورا کر دیا۔ یہ ایسی وصیت ہے کہ اگر وہ چاہے تو اس وصیت کے مطابق گھر میں رہے اور اگر چاہے تو نکل جائے۔ اور یہی مراد ہے اللہ کے اس قول سے ’’بغیر اس کے کہ نکالی جائیں۔ اگر وہ خود نکلیں تو تم پر کوئی گناہ نہیں۔‘‘ مگر عدت جیسی کہ وہ ہے اس پر ضروری ہے۔ (ابن ابی نجیح نے) مجاہد سے روایت کرتے ہوئے یہ کہا۔ اور عطاء (بن ابی رباح) نے کہا کہ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ اس آیت نے عورت کی اس عدت کو جو وہ اپنے گھر والوں کے پاس گزارتی تھی منسوخ کر دیا۔ اب جہاں چاہے عدت گزارے۔ اور اللہ تعالیٰ کا یہ قول غَيْرَ اِخْرَاجٍ جو ہے، عطاء نے کہا: اگر چاہے تو اپنے گھر والوں کے پاس عدت گزارے اور اپنی وصیت کے مطابق رہے اور اگر چاہے نکل جائے کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: تم پر کوئی گناہ نہیں اس امر میں جو انہوں نے کیا۔ عطاء نے کہا: اس کے بعد میراث کا حکم آیا اور اس نے اس رہائش کو بھی منسوخ کر دیا تو اب جہاں چاہے عدت گزارے اور اس کے لئے (اپنے خاوند کے گھر) رہنا ضروری نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah