صحیح بخاری 5382: باب مَنْ أَكَلَ حَتَّى شَبِعَ
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر (بن سلیمان بن طرخان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا۔ اور ابوعثمان (نہدی) نے بھی حضرت عبدالرحمٰن بن ابی بکر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سو تیس آدمی تھے۔ نبی ﷺ نے پوچھا: کیا تم میں سے کسی کے پاس کھانا ہے؟ تو ایک شخص کے پاس ایک صاع یا اتنا ہی آٹا تھا جو گوندھا گیا۔ پھر ایک مشرک شخص جو لمبا دھڑنگا تھا کچھ بکریوں کو ہانکتے ہوئے آیا۔ نبی ﷺ نے پوچھا۔ کیا بیچنی ہیں یا دینی ہیں، یا فرمایا: مفت دینی ہیں؟ اس نے کہا: نہیں بلکہ بیچنی ہیں۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: آپؐ نے اس سے ایک بکری خریدی جو (کھانے کے لیے) تیار کی گئی۔ نبی ﷺ نے کلیجی کے بھوننے کے متعلق حکم دیا اور اللہ کی قسم ایک سو تیس آدمیوں میں سے ایک بھی آدمی نہ تھا جس کو آپؐ نے اُس کلیجی میں سے کاٹ کر ایک ٹکڑا نہ دیا۔ اگر وہ موجود تھا تو آپؐ نے اس کو ایک ٹکڑا دیا اور جو غیر حاضر تھا تو آپؐ نے اس کے لئے چھپا کر رکھا۔ پھر آپؐ نے بکری کا گوشت دو بڑے بڑے پیالوں میں ڈالا اور ہم سبھی نے کھایا اور پیٹ بھر کے کھایا اور ان پیالوں میں کچھ بچ بھی رہا جسے میں نے اُونٹ پر رکھ لیا یا کچھ ایسے ہی لفظ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah