صحیح بخاری 5443: باب أَكْلِ الْجُمَّارِ
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ابوغسان (محمد بن مطرف) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے مجھے بتایا۔ ابوحازم نے ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عبداللہ بن ابی ربیعہ سے، ابراہیم نے حضرت جابر بن عبداللہ (انصاری) رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مدینہ میں ایک یہودی تھا اور وہ میری کھجوریں کٹنے تک قرض دیا کرتا تھا اور حضرت جابرؓ کی وہ زمین تھی جو بئر رومہ کے راستے پر تھی۔ ایک سال اس زمین نے پھل نہ دیا اور سال خالی گزرا۔ وہ یہودی میوہ کٹنے کے وقت میرے پاس آیا اور میں نے کھجوروں سے کچھ بھی نہ کاٹا تھا میں اس سے آئندہ سال تک مہلت مانگنے لگا لیکن وہ نہ مانتا تھا۔ نبی ﷺ کو اس کے متعلق بتایا گیا۔ آپؐ نے اپنے صحابہ سے فرمایا: چلو یہودی سے جابرؓ کے لئے مہلت مانگیں۔ وہ میرے پاس میرے کھجور کے باغ میں آئے اور نبی ﷺ یہودی سے گفتگو کرنے لگے۔ وہ کہنے لگا: ابوالقاسم! میں اس کو مہلت نہیں دوں گا۔ جب نبی ﷺ نے یہ دیکھا آپؐ کھڑے ہوگئے اور اس باغ میں چکر لگایا۔ پھر اس کے پاس آئے اور اس سے گفتگو کی مگر وہ نہ مانا۔ میں اٹھا اور جاکر کچھ تھوڑی سی تازہ کھجوریں لایا اور میں نے ان کو نبی ﷺ کے سامنے رکھ دیا۔ آپؐ نے کھائیں پھر اس کے بعد پوچھا: جابرؓ تمہارا منڈوا کہاں ہے؟ میں نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: میرے لئے اس میں بچھونا لگادو۔ میں نے آپؐ کے لئے بچھونا بچھایا۔ آپؐ اس میں گئے اور سو گئے۔ پھر آپؐ جاگے اور میں آپؐ کے پاس مٹھی بھر اور کھجوریں لایا۔ آپؐ نے ان میں سے کچھ کھائیں پھر کھڑے ہوئے اور یہودی سے گفتگو کی لیکن اس نے آپؐ کی نہ مانی۔ آخر آپؐ دوسری بار ان کھجوروں میں جن کے پھل سبز تھے کھڑے ہوئے پھر فرمایا: جابرؓ کھجوریں کاٹو اور اس کا قرض چکا دو۔ آپؐ کھجوریں کاٹنے کے اثنا میں ٹھہرے رہے میں نے ان سے اتنی کھجوریں کاٹیں جس سے اس کا قرضہ ادا کردیا اور ان سے کچھ بچ رہیں۔ میں باغ سے نکل کر نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ کو خوشخبری دی۔ آپؐ نے فرمایا: میں گواہی دیتا ہوں کہ میں اللہ کا رسول ہوں۔ عُرْشٌ اور عَرِيْشٌ کے معنی ہیں چھت۔ اور حضرت ابن عباس نے کہا: مَعْرُوْشَاتٍ سے مراد ہے انگور وغیرہ کی جو بیلیں سہارے پر کھڑی کی گئی ہیں۔ یہ جو کہا گیا ہے: عُرُوْشُهَا اس کے معنی ہیں اس کی چھتیں۔ محمد بن یوسف نے کہا۔ ابوجعفر کہتے تھے۔ محمد بن اسماعیل نے کہا: خَلَا کا لفظ میرے پاس محفوظ نہیں ہے۔ پھر کہا کہ یہ لفظ جَلَى ہے جس میں کوئی شک نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah