صحیح بخاری 5613: باب شَوْبِ اللَّبَنِ بِالْمَاءِ
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہمیں بتایا کہ ابوعامر (عقدی) نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ فلیح نے سعید بن حارث سے، سعید نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک انصاری شخص کے پاس گئے اور آپؐ کے ساتھ آپؐ کے ایک ساتھی تھے۔ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: اگر تمہارے پاس پانی ہو جو آج رات مشک میں رہا ہو ورنہ یہیں سے منہ لگا کر پانی پی لیں گے۔ حضرت جابرؓ نے کہا: اور وہ شخص اپنے باغ میں پانی لگا رہا تھا۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے۔ اس شخص نے کہا: یارسول اللہ! میرے پاس رات کا رکھا ہوا پانی ہے۔ آپؐ جھونپڑی کو چلیں۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: وہ ان دونوں کو لے گیا اور ایک پیالے میں پانی ڈالا۔ پھر اس پر گھر کی بکری سے دودھ دوہا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے پیا پھر اس شخص نے بھی پیا جو آپؐ کے ساتھ تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah