صحیح بخاری 5663: باب عِيَادَةِ الْمَرِيضِ رَاكِبًا وَمَاشِيًا وَرِدْفًا عَلَى الْحِمَارِ
یحيٰ بن بکیر نے مجھ سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی کہ حضرت اسامہ بن زیدؓ نے ان کو خبر دی کہ نبی ﷺ ایک گدھے پر سوار ہوئے جس پر پالان تھی اور پالان پر فَدک کی ایک چادر ڈالی گئی تھی اور آپؐ نے اُسامہؓ کو اپنے پیچھے بٹھا لیا۔ حضرت سعد بن عبادہؓ کی عیادت کو جا رہے تھے۔ یہ بدر کی لڑائی سے پہلے کا واقعہ ہے۔ آپؐ گئے یہاں تک کہ ایک مجلس کے پاس سے گزرے کہ جس میں عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول بھی تھا اور یہ واقعہ عبداللہ (بن اُبَیّ) کے مسلمان ہونے سے پہلے کا ہے اور اس مجلس میں مسلمانوں مشرکوں، بت پرستوں اور یہودیوں میں سے ملے جلے لوگ تھے اور مجلس میں حضرت عبداللہ بن رواحہؓ بھی تھے۔ جب اس مجلس کو سواری کی دھول نے ڈھانپ لیا تو عبداللہ بن اُبَیّ نے اپنی چادر سے اپنی ناک ڈھانپ لی کہنے لگا: تم ہم پر غبار نہ اڑاؤ۔ نبی ﷺ نے ان کو السلام علیکم کہا اور ٹھہر گئے اور اُتر پڑے اور پھر ان کو اللہ کی طرف بلایا اور ان کے سامنے قرآن پڑھا۔ عبداللہ بن اُبَیّ نے یہ سن کر آپؐ سے کہا: بھلے آدمی اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں جو تم کہتے ہو اگر یہ حق ہے تو پھر ہماری مجلس میں آکر ہمیں اس سے تکلیف نہ دیا کرو اور اپنے گھر کو لوٹ جاؤ اور ہم میں سے جو تمہارے پاس آئے اس کو یہ کہانی سنایا کرو۔ حضرت ابن رواحہؓ نے کہا: نہیں یا رسول اللہ! بلکہ آپؐ ہماری مجلسوں میں آکر ہمیں یہ سنایا کریں کیونکہ ہم یہ باتیں پسند کرتے ہیں۔ اس پر مسلمان اور مشرک اور یہودی آپس میں سبّ و شتم کرنے لگے یہاں تک کہ قریب تھا کہ ایک دوسرے پر حملہ کرتے۔ نبی ﷺ ان کے جوش کو دباتے رہے یہاں تک کہ وہ خاموش ہوگئے۔ پھر نبی ﷺ اپنے جانور پر سوار ہوگئے اور حضرت سعد بن عبادہؓ کے پاس پہنچے آپؐ نے فرمایا: سعدؓ کیا تم نے نہیں سنا جو ابوحباب نے کہا؟ آپؐ کی مراد عبداللہ بن اُبَیّ سے تھی۔ حضرت سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس کو معاف کریں اور اس سے درگزر کریں اللہ نے آپؐ کو عطا کیا ہے اور کیا خوب عطا کیا ہے۔ اس بستی کے لوگوں نے اتفاق کرلیا تھا کہ اس کو تاج پہنائیں اور اس کی دستاربندی کریں۔ جب اللہ نے اس تجویز کو اس حق کی وجہ سے رد کردیا جو اس نے آپؐ کو دیا تو اس سے (غصے کے مارے) اس کا گلا گھٹ گیا۔ یہ وجہ ہے اس نے جو کیا آپؐ نے جو دیکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 15: باب عِيَادَةِ الْمَرِيضِ رَاكِبًا وَمَاشِيًا وَرِدْفًا عَلَى الْحِمَارِ