صحیح بخاری 5718: باب ذَاتِ الْجَنْبِ
محمد (بن یحيٰ بن عبد اللہ بن خالد بن فارس ذہلی) نے ہم سے بیان کیا کہ عتاب بن بشیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق (بن راشد) سے، اسحاق نے زہری سے، زہری نے کہا عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت اُم قیسؓ بنت محصن نے انہیں خبر دی اور وہ ان پہلی مہاجر عورتوں میں سے تھیں جنہوں نے رسول اللہ ﷺ کی بیعت کی تھی اور وہ حضرت عکاشہؓ بن محصن کی بہن تھیں کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس اپنے ایک بیٹے کو لائیں۔ عذرہ بیماری کی وجہ سے انہوں نے اس کے کوے کو انگلی سے دبا کر اٹھا دیا ہوا تھا۔ آپؐ نے یہ دیکھ کر فرمایا: اللہ سے ڈرو اپنے بچوں کو اس طرح ان کے کوے کو انگلی سے دبا کر کیوں تکلیف دیا کرتی ہو۔ تم اس عود ہندی کو استعمال کرو اس میں سات بیماریوں کے علاج ہیں ان میں سے ایک ذات الجنب بھی ہے۔ آپؐ کی مراد کست سے تھی یعنی قسط۔ زہری نے کہا: یوں بھی بولتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah