صحیح بخاری 5758: باب الْكَهَانَةِ
سعید بن عفیر نے ہمیں بتایا کہ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا عبدالرحمٰن بن خالد نے مجھ سے بیان کیا، عبدالرحمٰن نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابو سلمہ (بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے، ابو سلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے ہذیل کی دو عورتوں کے متعلق فیصلہ کیا تھا جو آپس میں لڑ پڑی تھیں۔ اُن میں سے ایک نے دوسرے کو پتھر مارا جو اس کے پیٹ میں لگا اور وہ حاملہ تھی اور اس نے اس کے اس بچہ کو مار ڈالا جو اس کے پیٹ میں تھا۔ اس لئے وہ نبی ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔ آپؐ نے جو بچہ اس کے پیٹ میں تھا اس کی دیت ایک بَردہ دینے کا فیصلہ فرمایا غلام ہو یا لونڈی۔ یہ سن کر اس عورت کا ولی جس پر دیت واجب ہوئی تھی کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں اس کی دیت کیوں دوں جس نے نہ پیا نہ کھایا نہ بولا نہ چلایا ایسا خون تو بلا تاوان کے ہے۔ نبی ﷺ نے (یہ قافیہ بندی سن کر) فرمایا: یہ تو کاہنوں کا بھائی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah