صحیح بخاری 5851: باب النِّعَالِ السِّبْتِيَّةِ وَغَيْرِهَا
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے سعید مقبری سے، سعید نے عبید بن جریج سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے کہا: میں نے آپؓ کو ایسی چار باتیں کرتے دیکھا ہے کہ آپؓ کے ساتھیوں میں سے میں نے کسی کو بھی ان باتوں کو کرتے نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج وہ کیا ہیں؟ ابن جریج نے کہا: میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ آپؓ رکنوں میں سے صرف یمانی رکنوں کو ہی چھوتے ہیں اور میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ آپؓ صاف سبتی جوتی پہنتے ہیں اور میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ آپؓ زرد خضاب لگاتے ہیں اور میں نے آپؓ کو دیکھا ہے کہ جب آپؓ مکہ میں ہوں لوگ جب چاند کو دیکھتے ہیں تو لبیک پکارتے ہیں اور آپ لبیک نہیں پکارتے جب تک کہ آٹھویں تاریخ نہ ہوجائے۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: یہ جو رکن ہیں تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ نے سوائے یمنی رکنوں کے کسی اور کو چھوا ہو اور جو صاف سبتی جوتے ہیں تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ وہی جوتی پہنا کرتے تھے جس میں بال نہ ہوتے اور ان کو پہنے ہوئے وضو کرتے اور میں بھی پسند کرتا ہوں کہ انہی کو پہنوں اور یہ جو زرد رنگ کا خضاب ہے تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ اس کا خضاب لگاتے تھے اس لئے میں بھی پسند کرتا ہوں کہ اس کا خضاب لگاؤں اور یہ جو لبیک پکارنا ہے تو میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہیں دیکھا کہ آپؐ اس وقت تک لبیک پکارتے ہوں جب تک کہ آپؐ کی اونٹنی آپؐ کو لے کر اٹھ کھڑی نہ ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah