صحیح بخاری 5961: باب مَنْ لَمْ يَدْخُلْ بَيْتًا فِيهِ صُورَةٌ
عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے نافع سے، نافع نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے قاسم سے ذکر کیا کہ انہوں نے ایک گدا خریدا جس میں تصویریں تھیں۔ جب رسول اللہ ﷺ نے اسے دیکھا تو آپؐ دروازے پر کھڑے ہوگئے اور اندر داخل نہ ہوئے۔ حضرت عائشہؓ آپؐ کے چہرے پر ناپسندیدگی کو پہچان گئیں، کہنے لگیں: یا رسول اللہ ! میں اللہ کے حضور اور اس کے رسول کے سامنے توبہ کرتی ہوں۔ میں نے کیا قصور کیا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ گدا کیسا ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے اس کو اس لئے خریدا ہے کہ آپؐ اس پہ بیٹھیں اور تکیہ لگائیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان تصویروں والوں کو قیامت کے دن سزا دی جائے گی اور ان سے کہا جائے گا کہ جو تم نے بنایا اس میں جان ڈالو اور فرمایا: جس گھر میں مورتیں ہوں فرشتے اس میں داخل نہیں ہوتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah