صحیح بخاری 6009: باب رَحْمَةِ النَّاسِ وَالْبَهَائِمِ
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سُمَیْ سے جو ابوبکر (بن عبد الرحمٰن) کے غلام تھے، سُمَی نے ابوصالح سمان سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک شخص راستے میں چلا جا رہا تھا، اس کو سخت پیاس لگی اور اس نے ایک کنواں پا لیا۔ اُس میں اُتر کر اُس نے پانی پیا اور پھر باہر آگیا تو کیا دیکھتا ہے کہ ایک کتا ہے جو ہانپ رہا ہے، پیاس کے مارے مٹی چاٹ رہا ہے۔ تو وہ شخص سمجھا: اس کتے کا بھی پیاس سے وہی حال ہوا ہے جو میرا ہوا تھا۔ اس پر وہ کنوئیں میں اُترا اور اُس نے اپنے موزے کو بھرا۔ پھر اُس کو اپنے منہ میں پکڑا اور اس طرح اُس نے کتے کو پلایا۔ اللہ نے اس کی قدر کی اور اس کے گناہوں کو بخش دیا۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ان جانوروں (سے حسن سلوک) میں بھی ہمیں ثواب ہوگا؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ ہر تازہ کلیجے والے کی وجہ سے ثواب ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah