صحیح بخاری 6156: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " تَرِبَتْ يَمِينُكَ ". " وَعَقْرَى حَلْق …
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں کہ افلح نے جو ابوالقعیس کے بھائی تھے حجاب کا حکم نازل ہونے کے بعد میرے پاس آنے کی اجازت مانگی۔ میں نے کہا: بخدا میں اسے اس وقت تک اجازت نہ دوں گی جب تک کہ رسول اللہ ﷺ سے اجازت نہ لوں گی کیونکہ ابوالقعیس کا بھائی تو وہ نہیں ہے جس نے مجھے دودھ پلایا بلکہ ابوالقعیس کی بیوی نے مجھے دودھ پلایا ہے۔ اتنے میں رسول اللہ ﷺ میرے پاس آئے میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ شخص تو وہ نہیں ہے جس نے مجھے دودھ پلایا تھا بلکہ اس کی بیوی نے مجھے دودھ پلایا۔ آپؐ نے فرمایا: تیرا بھلا ہو، انہیں اجازت دو کیونکہ وہ تمہارے چچا ہیں۔ عروہ کہتے تھے: اسی وجہ سے حضرت عائشہؓ کہا کرتی تھیں کہ دودھ پلانے کی وجہ سے وہ رشتے حرام سمجھو جو نسب کی وجہ سے حرام ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah