صحیح بخاری 6164: باب مَا جَاءَ فِي قَوْلِ الرَّجُلِ وَيْلَكَ
محمد بن مقاتل ابوالحسن نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ اوزاعی نے ہمیں خبر دی، کہا: ابن شہاب نے مجھ سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے حُمَید بن عبدالرحمٰن سے، حُمَید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں ہلاک ہوگیا۔ آپؐ نے فرمایا: وَيْحَكَ۔ اس نے کہا: میں رمضان میں اپنی بیوی سے مباشرت کر بیٹھا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک گردن آزاد کردو۔ اس نے کہا: میں تو اس کی قطعاً طاقت نہیں رکھتا۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر دو مہینے لگاتار روزے رکھو۔ بولا: میں یہ بھی نہیں کر سکتا۔ آپؐ نے فرمایا: پھر ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ۔ کہنے لگا: مجھے اس کی بھی طاقت نہیں۔ اتنے میں ایک ٹوکرا لایا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: اسے لو اور اسے صدقہ میں دو۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! کیا اپنے گھر والوں کے سوا اوروں کو؟ اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے مدینہ کے دونوں کناروں کے درمیان مجھ سے زیادہ کوئی محتاج نہیں۔ (یہ سن کر) نبی ﷺ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت نظر آئے۔ آپؐ نے فرمایا: تم ہی یہ لے لو۔ (اوزاعی کی طرح) یونس نے بھی زُہری سے روایت کی اور عبدالرحمٰن بن خالد نے زہری سے (وَيْحَكَ کی بجائے) وَيْلَكَ نقل کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah