صحیح بخاری 6167: باب مَا جَاءَ فِي قَوْلِ الرَّجُلِ وَيْلَكَ
عمرو بن عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ اہل بادیہ میں سے ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا۔ کہنے لگا: یا رسول اللہ! وہ گھڑی کب برپا ہونے والی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: وَيْلَكَ، تم نے اس کے لئے کیا سامان تیار کر رکھا ہے؟ وہ کہنے لگا: میں نے اس کے لئے کوئی سامان تیار نہیں کیا۔ صرف اتنی بات ہے کہ میں اللہ اور اس کے رسول سے محبت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تم انہی کے ساتھ ہو گے جن سے تم محبت رکھتے ہو۔ (یہ سُن کر) ہم نے کہا: اور کیا ہم (کل) اسی طرح ہوں گے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں، تو ہم اس دن بہت ہی خوش ہوئے۔ اتنے میں مغیرہ کا ایک لڑکا گزرا اور وہ میرے ہم عمروں میں سے تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اگر یہ زندہ رہا تو اِس کو بڑھاپا نہیں آئے گا کہ وہ گھڑی برپا ہوگی۔ اور شعبہ نے قتادہ سے روایت کرتے ہوئے اس حدیث کو مختصر بیان کیا۔ (انہوں نے اپنی سند میں یوں کہا:) میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah