صحیح بخاری 6219: باب التَّكْبِيرِ وَالتَّسْبِيحِ عِنْدَ التَّعَجُّبِ
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ اور اسماعیل نے بھی ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، محمد نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے (زین العابدین) علی بن حسین سے روایت کی کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت صفیہ بنت حییؓ نے ان کو بتایا کہ وہ رسول اللہ ﷺ کی ملاقات کے لئے آئیں اور آپؐ مسجد میں رمضان کی آخری دس راتوں میں اعتکاف بیٹھے تھے۔ تو وہ آپؐ کے پاس کچھ دیر باتیں کرتی رہیں۔ پھر اُٹھ کر لوٹنے لگیں تو نبی ﷺ اُن کے ساتھ اُٹھے تا کہ انہیں گھر پہنچائیں۔ جب آپؐ مسجد کے اس دروازے کے پاس پہنچے جو نبی ﷺ کی زوجہ حضرت اُم سلمہؓ کی جائے رہائش کے قریب تھا تو ان دونوں کے سامنے سے دو انصاری گزرے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کو السلام علیکم کہا۔ پھر جلدی سے آگے بڑھے تو رسول اللہ ﷺ نے ان سے فرمایا: ذرا ٹھہر جاؤ۔ یہ صفیہ بنت حیی ہی ہے۔ وہ دونوں بولے: سبحان اللہ یا رسول اللہ۔ اور اُن پر یہ بات شاق گزری۔ آپؐ نے فرمایا: شیطان تو ابن آدم میں وہاں تک چل کر پہنچتا ہے جہاں خون پہنچتا ہے۔ اور میں ڈرا کہ کہیں تمہارے دل میں کوئی وسوسہ نہ ڈال دیا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 121: باب التَّكْبِيرِ وَالتَّسْبِيحِ عِنْدَ التَّعَجُّبِ