صحیح بخاری 6277: باب مَنْ أُلْقِيَ لَهُ وِسَادَةٌ
اسحاق (بن شاہین واسطی) نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (طحان) نے ہمیں بتایا۔ نیز عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (بن عبداللہ طحان) نے ہم سے بیان کیا۔ خالد بن عبداللہ نے خالد (حذاء) سے، خالد نے ابو قلابہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مجھے ابو ملیح نے بتایا، کہا: میں تمہارے باپ زید کے ساتھ حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاصؓ) کے پاس گیا۔ انہوں نے ہم سے بیان کیا کہ نبی ﷺ کے پاس میرے روزے کا ذکر کیا گیا تو آپؐ میرے پاس آئے اور میں نے آپؐ کے لئے چمڑے کا گاؤ تکیہ رکھ دیا جس میں کھجور کے ریشے بھرے ہوئے تھے۔ آپؐ زمین پر بیٹھ گئے اور وہ گدا میرے اور آپؐ کے درمیان رہا تو آپؐ نے مجھ سے فرمایا: کیا تمہیں ہر مہینے میں تین دن کافی نہیں؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: پانچ دن؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: سات دن سہی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: نو دن سہی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: گیارہ دن سہی۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: حضرت داؤدؑ کے روزوں سے بڑھ کر اور کوئی روزہ نہیں جو آدھی عمر کے روزے تھے یعنی ایک دن روزہ اور ایک دن افطار۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah