صحیح بخاری 6278: باب مَنْ أُلْقِيَ لَهُ وِسَادَةٌ
یحيٰ بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ یزید (بن ہارون) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے مغیرہ (بن مقسم) سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ (بن قیس) سے روایت کی کہ وہ شام میں آگئے اور ابوالولید نے بھی ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: علقمہ شام کو گئے اور مسجد میں جاکر دو رکعتیں نماز پڑھی اور یہ دعا کی: اے اللہ! مجھے کوئی ہمنشین عطا کیجیو اور پھر جاکر حضرت ابودرداءؓ کے پاس بیٹھ گئے تو انہوں نے پوچھا: تم کن لوگوں سے ہو؟ انہوں نے کہا: میں کوفہ کے باشندوں میں سے ہوں۔ انہوں نے کہا: کیا تم میں اس راز کے وہ محرم نہیں جس کو ان کے سوا اور کوئی نہ جانتا تھا۔ اس سے ان کی مراد حضرت حذیفہؓ سے تھی۔ کیا وہ شخص تم میں نہیں جس کو اللہ نے اپنے رسولؐ کی زبان سے، شیطان سے اپنی پناہ میں رکھا تھا یعنی حضرت عمارؓ یا تم میں وہ شخص نہیں جو مسواک اور گدالئے رہتے تھے یعنی حضرت ابن مسعودؓ۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) وَالَّيْلِ اِذَا يَغْشَى کو کس طرح پڑھا کرتے تھے؟ علقمہ نے کہا: یوں پڑھا کرتے تھے: وَالذَّكَرِ وَالْأُنْثَى۔ حضرت ابودرداءؓ کہنے لگے: یہ لوگ میرے پیچھے پڑے رہے یہاں تک کہ قریب تھا کہ وہ مجھے شک میں ڈال دیتے حالانکہ میں نے بھی رسول اللہ ﷺ سے یہی سنا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah