صحیح بخاری 6328: باب الدُّعَاءِ فِي الصَّلاَةِ
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر) سے، منصور نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نماز میں السَّلَامُ عَلَى اللهِ السَّلَامُ عَلَى فُلَانٍ کہا کرتے تھے تو ایک دن نبی ﷺ نے ہم سے فرمایا: اللہ تو خود ہی سلام ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی نماز میں بیٹھے تو یوں کہے: تمام زبانی عبادتیں اللہ ہی کے لیے ہیں اور بدنی عبادتیں اور مالی عبادتیں بھی (اللہ ہی کے لیے ہیں) اے نبی! تجھ پر سلامتی اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں ہوں اور سلامتی ہو ہم پر بھی اور اللہ کے نیک بندوں پر بھی۔ جب وہ یہ کہے گا تو ہر ایک اللہ کے نیک بندے کو جو آسمان اور زمین میں ہے سلام پہنچ جائے گا۔ (اس کے بعد یہ کہے:) میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمد اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔ پھر اس کے بعد جو چاہے اللہ کی بہتر سے بہتر تعریف کرے۔