صحیح بخاری 6373: باب الدُّعَاءِ بِرَفْعِ الْوَبَاءِ وَالْوَجَعِ
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہمیں خبر دی۔ ابن شہاب نے عامر بن سعد (بن ابی وقاص) سے روایت کی کہ ان کے والد کہتے تھے: حجۃ الوداع میں رسول اللہ ﷺ میری عیادت کو آئے۔ میری اس بیماری میں جس کی وجہ سے میں مرنے کے قریب پہنچ گیا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اس بیماری سے جس حد تک میری حالت پہنچ چکی ہے آپؐ دیکھ ہی رہے ہیں اور میں مالدار ہوں اور میرا کوئی وارث نہیں سوائے میری اکلوتی بیٹی کے۔ کیا میں اپنے مال کا دو تہائی صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: پھر اس کا آدھا؟ آپؐ نے فرمایا: ایک تہائی بھی بہت ہے۔ تم اگر اپنے وارثوں کو مالدار چھوڑ جاؤ تو یہ بہتر ہے اِس سے کہ اُن کو محتاج چھوڑ جاؤ کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں۔ اور تم جو بھی ایسا خرچ کرو گے کہ جس کے ذریعہ اللہ کی رضا مندی چاہتے ہو گے تو ضرور ہی تمہیں اس کا بدلہ دیا جائے گا یہاں تک کہ وہ لقمہ بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔ میں نے کہا: کیا میں اپنے ساتھیوں کے پیچھے ہی چھوڑ دیا جاؤں گا؟ آپؐ نے فرمایا: تمہیں ہرگز پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔ جو عمل بھی تم کرو گے جس کے ذریعہ سے تم اللہ کی رضا مندی چاہ رہے ہو گے تو ضرور ہی درجے اور بلندی میں بڑھتے چلے جاؤ گے اور شاید تمہیں پیچھے چھوڑا جائے یہاں تک کہ تمہارے ذریعہ کچھ لوگ فائدہ اُٹھائیں اور کچھ اَوروں کو تمہارے ذریعہ نقصان پہنچایا جائے۔ اے اللہ! میرے ساتھیوں کے لئے ان کی ہجرت کو آخر تک پہنچا اور انہیں ان کی ایڑیوں کے بل واپس نہ کر لیکن بے چارہ سعد بن خولہؓ۔ حضرت سعد (بن ابی وقاصؓ) نے کہا: نبی ﷺ نے ان کے لئے افسوس کیا اس لئے کہ وہ مکہ میں فوت ہو گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah