صحیح بخاری 6417: باب فِي الأَمَلِ وَطُولِهِ
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، انہوں نے کہا میرے باپ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے منذر سے، منذر نے ربیع بن خثیم سے، ربیع نے حضرت عبداللہ (بن مسعود)ؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: نبیﷺ نے ایک مربع شکل بنائی اور ایک لکیر اس کے درمیان میں کھینچی جو اس مربع سے باہر نکلی ہوئی تھی اور آپؐ نے اس درمیانی لکیر پر اس کے اس حصے کی طرف جو مربع کے درمیان ہے کچھ لکیریں کھینچیں اور فرمایا: یہ انسان ہے اور یہ اس کی اجل ہے جو اسے چاروں طرف سے گھیرے ہوئے ہے یا (فرمایا:) جس نے اس کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے اور یہ جو باہر ہے یہ اس کی آرزو ہے اور یہ جو چھوٹی چھوٹی لکیریں ہیں یہ حادثات ہیں۔ اگر اس حادثہ سے بچ نکلا تو یہ حادثہ اس کو دانتوں سے پکڑ لے گا اگر اُس سے بچ نکلا تو یہ پکڑ لے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah