صحیح بخاری 6502
محمد بن عثمان بن کرامہ نے مجھ سے بیان کیا۔ خالد بن مخلد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان بن بلال سے، (سلیمان نے کہا:) شریک بن عبداللہ بن ابی نمر نے مجھ سے بیان کیا، شریک نے عطاء (بن یسار) سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ فرماتا ہے: جس نے میرے کسی ولی سے دشمنی کی تو پھر میں بھی اسے آگاہ کئے دیتا ہوں کہ میں اس سے لڑوں گا اور میرا بندہ جن جن عملوں سے میرا قرب حاصل کرتا ہے ان میں کوئی عمل مجھ کو اُن عملوں سے زیادہ پسند نہیں جو میں نے ان پر فرض کئے ہیں اور میرا بندہ نفلوں کے ذریعہ مجھ سے قریب ہوتا جاتا ہے یہاں تک کہ میں اس سے محبت کرنے لگتا ہوں۔ جب میں اس سے محبت کرنے لگتا ہوں پھر اس کا کان ہو جاتا ہوں جس سے وہ سنتا ہے اور اس کی آنکھ ہو جاتا ہوں جس سے وہ دیکھتا ہے اور اس کا ہاتھ ہو جاتا ہوں جس سے وہ پکڑتا ہے اور اس کا پاؤں ہو جاتا ہوں جس سے وہ چلتا ہے۔ اگر وہ مجھ سے مانگے تو میں اس کو ضرور دوں اور اگر وہ میری پناہ لے تو میں اس کو ضرور پناہ دیتا ہوں اور میں کسی کام میں بھی جس کو میں کرنے لگتا ہوں کبھی تردد نہیں کرتا جتنا تردد کہ میں مؤمن کی جان کے متعلق کرتا ہوں وہ موت کو برا سمجھتا ہے اور میں اس کو تکلیف دینا ناپسند کرتا ہوں۔