صحیح بخاری 6517: باب نَفْخِ الصُّورِ
عبدالعزیز بن عبداللہ نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن اور عبد الرحمٰن اعرج سے روایت کی کہ اُن دونوں نے ان کو بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: دو آدمیوں نے ایک دوسرے کو گالیاں دیں۔ ایک شخص مسلمانوں میں سے تھا اور ایک شخص یہودیوں میں سے۔ مسلمان نے کہا: اُس ذات کی قسم ہے جس نے محمدؐ کو تمام قوموں پر چن لیا۔ تو یہودی نے کہا: اُس ذات کی قسم ہے جس نے موسیٰؑ کو تمام قوموں پر چن لیا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے۔ (یہ سنتے ہی) مسلمان کو غصہ آ گیا اور اُس نے یہودی کے منہ پر تھپڑ مارا۔ تو وہ یہودی رسول اللہ ﷺ کے پاس گیا اور جو اپنی اور مسلمان کی سرگزشت تھی، وہ آپؐ کو بتائی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے موسیٰؑ سے بہتر قرار نہ دو یقینًا لوگ قیامت کے روز بے ہوش ہو جائیں گے اور میں وہ پہلا شخص ہوں گا جو ہوش میں آئے گا۔ تو میں کیا دیکھوں گا کہ موسیٰؑ عرش کے کنارے کو تھامے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ موسیٰؑ بھی اُن لوگوں میں سے تھے جو بے ہوش تھے اور مجھ سے پہلے ہوش میں آئے یا اُن لوگوں میں سے تھے جن کو اللہ نے مستثنیٰ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah