صحیح بخاری 664: باب حَدِّ الْمَرِيضِ أَنْ يَشْهَدَ الْجَمَاعَةَ
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: اعمش نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: اسود کہتے تھے: ہم حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس تھے کہ ہم نے نماز کی پابندی اور اس کی تعظیم کا ذکر کیا تو (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا) نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ اس بیماری میں مبتلا ہوئے جس میں آپؐ فوت ہوگئے تھے نماز کا وقت ہوا اور اذان دی گئی۔ آپؐ نے فرمایا: ابوبکر سے کہو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ تو آپؐ سے عرض کیا گیا کہ ابوبکرؓ دل کے بہت نرم آدمی ہیں اگر آپؐ کی جگہ کھڑے ہوئے تو لوگوں کو نماز نہیں پڑھا سکیں گے۔ آپؐ نے دوبارہ فرمایا: آپؐ سے پھر وہی عرض کیا گیا تو آپؐ نے تیسری بار پھر فرمایا: اور کہا: تم تو یوسف والی عورتیں ہو۔ ابوبکرؓ سے کہو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ تب حضرت ابوبکرؓ نکلے اور نماز پڑھائی۔ نبی ﷺ نے اپنے آپ میں کچھ تخفیف محسوس کی تو آپؐ دو آدمیوں کے ساتھ سہارا لئے ہوئے نکلے۔ (مجھے یہ ایسا ہی یاد ہے) گویا کہ میں اب بھی دیکھ رہی ہوں کہ آپؐ کے پائوں بوجہ بیماری کی تکلیف کے {زمین پر لکیریں} ڈالتے ہوئے جارہے ہیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے چاہا کہ پیچھے ہٹ جائیں مگر نبی کریم ﷺ نے اشارہ کیا کہ اپنی جگہ پر ہی رہیں۔ پھر آپؐ کو لایا گیا۔ آخر آپؐ حضرت ابوبکرؓ کے پہلو میں بیٹھ گئے۔
اعمش سے کہا گیا اور کیا حضرت ابوبکرؓ آپؐ کی نماز کی اقتداء میں نماز پڑھتے تھے اور لوگ حضرت ابوبکرؓ کی نماز کی اقتداء میں پڑھتے تھے؟ تو انہوں نے اپنے سر کو ہلا کر بتایا: ہاں۔ اس حدیث کا ایک حصہ ابودائود نے بھی شعبہ سے بروایت اعمش بیان کیا اور ابومعاویہ نے اس روایت میں یہ بڑھایا ہے کہ آپؐ حضرت ابوبکرؓ کے بائیں طرف بیٹھے اور حضرت ابوبکرؓ کھڑے ہو کر ہی نماز پڑھتے رہے۔
قِيلَ لِلأَعْمَشِ وَكَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يُصَلِّي وَأَبُو بَكْرٍ يُصَلِّي بِصَلاَتِهِ وَالنَّاسُ يُصَلُّونَ بِصَلاَةِ أَبِي بَكْرٍ فَقَالَ بِرَأْسِهِ نَعَمْ.
رَوَاهُ أَبُو دَاوُدَ عَنْ شُعْبَةَ عَنِ الأَعْمَشِ بَعْضَهُ. وَزَادَ أَبُو مُعَاوِيَةَ جَلَسَ عَنْ يَسَارِ أَبِي بَكْرٍ فَكَانَ أَبُو بَكْرٍ يُصَلِّي قَائِمًا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah