صحیح بخاری 665
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے روایت کرتے ہوئے بتایا، کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا، کہا: حضرت عائشہ (رضی اللہ عنہا) کہتی تھیں: جب نبی ﷺ کے لیے چلنا پھرنا دو بھر ہو گیا اور آپؐ کی بیماری بڑھ گئی تو آپؐ نے اپنی ازواج سے اجازت لی کہ میرے گھر میں ہی آپؐ کی تیمار داری کی جائے۔ تو آپؐ کو انہوں نے اجازت دی۔ اس پر آپؐ دو آدمیوں کے درمیان نکلے۔ آپؐ کے پائوں زمین پر لکیریں ڈال رہے تھے اور آپؐ حضرت عباسؓ اور ایک دوسرے آدمی کے درمیان تھے۔ عبیداللہ کہتے تھے کہ میں نے اس کا ذکر حضرت ابن عباسؓ کے پاس جس طرح کہ حضرت عائشہؓ نے کہا تھا کیا تو انہوں نے مجھ سے کہا: کیا تم جانتے ہو وہ کون آدمی ہے جس کا حضرت عائشہؓ نے نام نہیں لیا؟ میں نے کہا: نہیں۔ تو انہوں نے کہا: وہ حضرت علیؓ بن ابی طالب ہیں۔