صحیح بخاری 6655: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَأَقْسَمُوا بِاللَّهِ جَهْدَ أَيْمَانِهِمْ}
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عاصم احول نے ہمیں خبر دی کہ میں نے ابوعثمان سے سنا۔ ابوعثمان نے حضرت اُسامہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کی بیٹی نے آپؐ کو کہلا بھیجا کہ میرا بیٹا مرنے کے قریب ہے۔ اور اس وقت رسول اللہ ﷺ کے پاس حضرت اُسامہ بن زیدؓ اور حضرت سعدؓ اور میرے والد (یعنی زیدؓ) یا حضرت اُبَيّ (بن کعبؓ) تھے۔ ہم موجود ہی تھے کہ آپؐ نے کہلا بھیجا: کہو کہ آپؐ سلام کہتے ہیں اور فرماتے ہیں: اللہ ہی کے لئے ہے جو اُس نے لیا اور جو اُس نے دیا اور اس کے پاس ہر چیز کی مدت مقرر ہے۔ وہ صبر کرے اور اس میں اللہ کی رضا مندی سمجھے۔ مگر انہوں نے آپؐ کو قسم دے کر بلا بھیجا۔ آپؐ اُٹھ کر گئے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ گئے۔ جب بیٹھے تو وہ بچہ اُٹھا کر آپؐ کو دیا گیا۔ آپؐ نے اسے اپنی گود میں بیٹھایا اور بچہ دم توڑ رہا تھا۔ یہ دیکھ کر رسول اللہ ﷺ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ حضرت سعدؓ نے کہا: یا رسول اللہ! یہ کیا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ رحمت ہے جو اللہ اپنے بندوں میں سے جن کے دلوں میں چاہتا ہے ڈال دیتا ہے اور اللہ اپنے بندوں میں سے انہی پر رحم کرتا ہے جو رحم دل ہوتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 9: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَأَقْسَمُوا بِاللَّهِ جَهْدَ أَيْمَانِهِمْ}