صحیح بخاری 6668: بَابُ إِذَا حَنِثَ نَاسِيًا فِي الأَيْمَانِ
فروہ بن ابی المغراء نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپؓ فرماتی تھیں: اُحد کے دن مشرکوں کو ایسی شکست ہوئی جس کے آثار ان میں نمایاں تھے، تو اس وقت ابلیس نے زور سے آواز دی: اللہ کے بندو! اپنے پچھلوں سے بچو۔ یہ سنتے ہی جو اُن کے آگے تھے وہ لوٹے اور یہ اور پچھلے دونوں آپس میں ایک دوسرے پر تلواریں چلانے لگے۔ حضرت حذیفہ بن یمانؓ نے غور سے دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ ان کا باپ لوگوں کے نرغے میں ہے۔ انہوں نے پکارا میرا باپ ہے میرا باپ ہے۔ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں: اللہ کی قسم وہ باز نہ آئے۔ یہاں تک کہ اس کو مار ہی ڈالا۔ حذیفہؓ نے کہا: اللہ تمہاری پردہ پوشی کرتے ہوئے تم سے درگزر کرے۔ عروہ نے کہا: اللہ کی قسم! حضرت حذیفہؓ کے دل میں (زندگی بھر) اس واقعہ کا رنج ہی رہا حتٰی کہ وہ اللہ سے جا ملے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah