صحیح بخاری 6721: باب الْكَفَّارَةِ قَبْلَ الْحِنْثِ وَبَعْدَهُ

علی بن حجر نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے قاسم تمیمی سے، قاسم نے زہدم جرمی سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابوموسیٰؓ کے پاس تھے اور ہمارے اور جَرم کے اس قبیلہ کے درمیان برادری اور راہ و رسم تھی۔ (زہدم نے) کہا: اتنے میں کھانا سامنے رکھا گیا۔ کہا: اور اس کھانے میں مرغی کا گوشت بھی رکھا گیا۔ کہا: اور ان لوگوں میں بنو تیم اللہ سے ایک شخص تھا جو سرخ رنگ کا تھا جیسے کہ وہ کوئی غلام ہے۔ کہا: وہ کھانے کے قریب نہ آیا۔ حضرت ابوموسیٰؓ نے اس سے کہا: آگے آؤ کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ بھی اس کا گوشت کھایا کرتے تھے۔ وہ بولا: میں نے اس کو کچھ کھاتے دیکھا، مجھے اس سے کراہت ہوئی اور میں نے قسم کھائی کہ میں اس کو کبھی نہیں کھاؤں گا۔ (حضرت ابوموسیٰؓ نے) کہا: آگے آؤ میں تمہیں اس (قسم) کے متعلق بتاتا ہوں۔ ہم اشعریوں کی ایک جماعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے کہ آپؐ سے سواری مانگیں اور اس وقت آپؐ صدقہ کے اونٹوں میں سے کچھ اونٹ تقسیم کر رہے تھے۔ ایوب نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ (حضرت ابوموسیٰؓ نے) یہ بھی کہا: اور آپؐ اس وقت ناراض تھے، آپؐ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں تم کو سواری نہیں دوں گا اور میرے پاس سواری ہے بھی نہیں کہ جس پر میں تمہیں سوار کروں۔ (حضرت ابوموسیٰؓ) کہتے تھے: ہم (یہ سن کر) چلے گئے۔ پھر رسول اللہ ﷺ کے پاس غنیمت کے کچھ اونٹ آئے۔ کہا گیا: یہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ یہ اشعری لوگ کہاں ہیں؟ ہم آئے اور آپؐ نے ہمیں پانچ اونٹ جو سفید کہان والے تھے دینے کا حکم دیا۔ (حضرت ابوموسیٰؓ) کہتے تھے: ہم یہ لے کر جلدی سے چل پڑے۔ میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے تھے کہ آپؐ سے سواری مانگیں اور آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے، پھر آپؐ نے ہمیں بلا بھیجا اور سواریاں دیں۔ رسول اللہ ﷺ اپنی قسم بھول گئے۔ اللہ کی قسم اگر ہم نے رسول اللہﷺ کو آپؐ کی قسم کے متعلق غفلت میں ہی رہنے دیا تو ہم کبھی بھی بامراد نہیں ہوں گے۔ چلو ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس واپس جائیں اور آپؐ کو آپؐ کی قسم یاد دلائیں۔ چنانچہ ہم لوٹے اور ہم نے کہا: یا رسول اللہ! ہم آپؐ کے پاس آپؐ سے سواری مانگنے کے لئے آئے تھے، آپؐ نے قسم کھائی تھی کہ آپؐ ہمیں سواری نہیں دیں گے پھر آپؐ نے ہمیں یہ سواریاں دے دی ہیں۔ ہم نے خیال کیا یا ہم سمجھے کہ آپؐ اپنی قسم بھول گئے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تم روانہ ہو جاؤ کیونکہ اللہ ہی نے تمہیں سواریاں دی ہیں۔ اللہ کی قسم میں جو بھی ایسی قسم کھا بیٹھوں کہ پھر میں اس کے سوا کسی اور بات کو بہتر سمجھوں تو انشاء اللہ ضرور ہی وہ کروں جو بہتر ہو اور کفارہ دے کر اس قسم سے آزاد ہوجاؤں۔ (اسماعیل کی طرح) اس حدیث کو حماد بن زید نے بھی ایوب سے روایت کیا۔ ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم بن عاصم کلیبی سے روایت کی۔ قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ اور قاسم تمیمی سے، ان دونوں نے زہدم سے یہی حدیث روایت کی۔ ابومعمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے قاسم سے، قاسم نے زہدم سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث بیان کی۔

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ حُجْرٍ حَدَّثَنَا إِسْمَاعِيلُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ عَنْ أَيُّوبَ عَنِ الْقَاسِمِ التَّمِيمِيِّ عَنْ زَهْدَمٍ الْجَرْمِيِّ قَالَ كُنَّا عِنْدَ أَبِي مُوسَى وَكَانَ بَيْنَنَا وَبَيْنَ هَذَا الْحَىِّ مِنْ جَرْمٍ إِخَاءٌ وَمَعْرُوفٌ ـ قَالَ ـ فَقُدِّمَ طَعَامٌ ـ قَالَ ـ وَقُدِّمَ فِي طَعَامِهِ لَحْمُ دَجَاجٍ ـ قَالَ ـ وَفِي الْقَوْمِ رَجُلٌ مِنْ بَنِي تَيْمِ اللَّهِ أَحْمَرُ كَأَنَّهُ مَوْلًى ـ قَالَ ـ فَلَمْ يَدْنُ فَقَالَ لَهُ أَبُو مُوسَى ادْنُ فَإِنِّي قَدْ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَأْكُلُ مِنْهُ. قَالَ إِنِّي رَأَيْتُهُ يَأْكُلُ شَيْئًا قَذِرْتُهُ فَحَلَفْتُ أَنْ لاَ أَطْعَمَهُ أَبَدًا. فَقَالَ ادْنُ أُخْبِرْكَ عَنْ ذَلِكَ أَتَيْنَا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فِي رَهْطٍ مِنَ الأَشْعَرِيِّينَ أَسْتَحْمِلُهُ وَهْوَ يُقْسِمُ نَعَمًا مِنْ نَعَمِ الصَّدَقَةِ ـ قَالَ أَيُّوبُ أَحْسِبُهُ قَالَ وَهْوَ غَضْبَانُ ـ قَالَ " وَاللَّهِ لاَ أَحْمِلُكُمْ وَمَا عِنْدِي مَا أَحْمِلُكُمْ ". قَالَ فَانْطَلَقْنَا فَأُتِيَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بِنَهْبِ إِبِلٍ فَقِيلَ أَيْنَ هَؤُلاَءِ الأَشْعَرِيُّونَ فَأَتَيْنَا فَأَمَرَ لَنَا بِخَمْسِ ذَوْدٍ غُرِّ الذُّرَى قَالَ فَانْدَفَعْنَا فَقُلْتُ لأَصْحَابِي أَتَيْنَا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم نَسْتَحْمِلُهُ فَحَلَفَ أَنْ لاَ يَحْمِلَنَا ثُمَّ أَرْسَلَ إِلَيْنَا فَحَمَلَنَا نَسِيَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَمِينَهُ وَاللَّهِ لَئِنْ تَغَفَّلْنَا رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَمِينَهُ لاَ نُفْلِحُ أَبَدًا ارْجِعُوا بِنَا إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَلْنُذَكِّرْهُ يَمِينَهُ. فَرَجَعْنَا فَقُلْنَا يَا رَسُولَ اللَّهِ أَتَيْنَاكَ نَسْتَحْمِلُكَ فَحَلَفْتَ أَنْ لاَ تَحْمِلَنَا ثُمَّ حَمَلْتَنَا فَظَنَنَّا ـ أَوْ فَعَرَفْنَا ـ أَنَّكَ نَسِيتَ يَمِينَكَ. قَالَ " انْطَلِقُوا فَإِنَّمَا حَمَلَكُمُ اللَّهُ إِنِّي وَاللَّهِ إِنْ شَاءَ اللَّهُ لاَ أَحْلِفُ عَلَى يَمِينٍ فَأَرَى غَيْرَهَا خَيْرًا مِنْهَا إِلاَّ أَتَيْتُ الَّذِي هُوَ خَيْرٌ وَتَحَلَّلْتُهَا ".
تَابَعَهُ حَمَّادُ بْنُ زَيْدٍ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ وَالْقَاسِمِ بْنِ عَاصِمٍ الْكُلَيْبِيِّ.
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَهَّابِ عَنْ أَيُّوبَ عَنْ أَبِي قِلاَبَةَ وَالْقَاسِمِ التَّمِيمِيِّ عَنْ زَهْدَمٍ بِهَذَا.
حَدَّثَنَا أَبُو مَعْمَرٍ حَدَّثَنَا عَبْدُ الْوَارِثِ حَدَّثَنَا أَيُّوبُ عَنِ الْقَاسِمِ عَنْ زَهْدَمٍ بِهَذَا.

Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah

باب 10: باب الْكَفَّارَةِ قَبْلَ الْحِنْثِ وَبَعْدَهُ

آج 10 میں سے 10 باقی