صحیح بخاری 6755: باب إِثْمِ مَنْ تَبَرَّأَ مِنْ مَوَالِيهِ
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے اپنے باپ (یزید بن شریک بن طارق تیمی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے تھے: اللہ کی کتاب کے سوا ہمارے پاس کوئی ایسی کتاب نہیں جس کو ہم پڑھتے ہوں مگر یہ ایک ورق ہے۔ وہ کہتے تھے: یہ کہہ کر انہوں نے اس ورقہ کو نکالا تو کیا دیکھا کہ اس میں زخموں کے متعلق اور اونٹوں کے نصاب کے متعلق کچھ احکام ہیں۔ کہتے تھے: اور اس میں یہ بھی تھا کہ مدینہ عیر سے لے کر ثور تک حرم ہے۔ جس نے مدینہ میں کوئی بدعت کا کام کیا یا بدعتی کو پناہ دی تو اس پر اللہ اور ملائکہ اور تمام لوگوں کی لعنت ہوگی۔ قیامت کے دن اس سے نہ توبہ قبول ہوگی اور نہ ہی اس کا فدیہ اور جس نے اپنے مالکوں کے حکم کے سوا کسی قوم سے راہ و رسم رکھی تو اس پر بھی اللہ اور ملائکہ اور تمام لوگوں کی لعنت ہوگی۔ قیامت کے دن اس کی نہ توبہ قبول ہوگی اور نہ فدیہ اور تمام مسلمانوں کا ذمہ ایک ہی ہے۔ ان میں سے ادنیٰ سے ادنیٰ بھی امان دے سکتا ہے۔ اس لئے جس نے کسی مسلمان کے ذمہ کو توڑا تو اُس پر بھی اللہ اور ملائکہ اور تمام لوگوں کی لعنت ہوگی۔ قیامت کے دن نہ اس سے توبہ قبول ہوگی اور نہ فدیہ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah