صحیح بخاری 687: باب إِنَّمَا جُعِلَ الإِمَامُ لِيُؤْتَمَّ بِهِ
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا، کہا: زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، موسیٰ نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں حضرت عائشہؓ کے پاس گیا اور میں نے کہا: کیا آپ رسول اللہ ﷺ کی بیماری کے واقعات مجھے بتائیں گی؟ تو انہوں نے کہا: ہاں۔ رسول اللہ ﷺ بیمار ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: کیا لوگ نماز پڑھ چکے ہیں؟ ہم نے کہا: نہیں۔ وہ تو یا رسول اللہ! آپؐ کی انتظار میں ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے لئے ایک لگن میں پانی رکھ دو۔ کہتی تھیں کہ ہم نے ایسا ہی کیا۔ آپؐ نہائے۔ پھر آپؐ اٹھنے لگے۔ تو آپؐ بے ہوش ہوگئے۔ پھر ہوش میں آئے اور فرمایا: کیا لوگ نماز پڑھ چکے ہیں؟ ہم نے کہا: نہیں یا رسول اللہ! وہ آپؐ کی انتظار میں ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے لیے لگن میں پانی رکھ دو۔ کہتی تھیں: آپؐ نے بیٹھ کر غسل کیا۔ پھر اٹھنے لگے تو بے ہوش ہو گئے۔ پھر ہوش آئی تو کہا: کیا لوگ نماز پڑھ چکے ہیں؟ ہم نے کہا: نہیں یا رسول! وہ آپؐ کی انتظار میں ہیں۔ فرمایا: لگن میں میرے نہانے کے لئے پانی رکھ دو۔ پھر آپؐ بیٹھے اور غسل کیا۔ پھر اٹھنا چاہا تو پھر بے ہوش ہوگئے۔ پھر ہوش آیا تو فرمایا: کیا لوگوں نے نماز پڑھ لی ہے؟ ہم نے عرض کیا نہیں یا رسول اللہ! وہ آپؐ کی انتظار میں ہیں اور لوگوں کا یہ حال تھا کہ مسجد میں اکٹھے بیٹھے عشاء کی نماز کے لئے نبی علیہ السلام کا انتظار کر رہے تھے۔ تب نبی ﷺ نے حضرت ابوبکرؓ کو کہلا بھیجا کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ ان کے پاس پیغامبر آیا اور کہا کہ رسول اللہ ﷺ فرماتے ہیں کہ آپؓ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ نے کہا؛ اور وہ نرم دل آدمی تھے؛ عمرؓ لوگوں کو نماز پڑھا دو تو حضرت عمرؓ نے ان سے کہا: آپؓ اس کے زیادہ حق دار ہیں۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ اِن دنوں میں نماز پڑھاتے رہے۔ پھر نبی ﷺ نے اپنی بیماری میں تخفیف محسوس کی اور آپؐ دو آدمیوں کے درمیان ظہر کی نماز کے لئے نکلے۔ ان میں سے ایک حضرت عباسؓ تھے اور حضرت ابوبکرؓ لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے۔ جب حضرت ابوبکرؓ نے آپؐ کو دیکھا تو وہ پیچھے ہٹنے لگے۔ نبی ﷺ نے آپؓ کو اشارہ کیا کہ پیچھے نہ ہٹیں اور فرمایا: مجھے ان کے پہلو میں بٹھا دو۔ تو انہوں نے حضرت ابوبکرؓ کے پہلو میں آپؐ کو بٹھا دیا۔ (عبیداللہ کہتے تھے:) حضرت ابوبکرؓ نبی ﷺ کی اقتداء میں نماز پڑھانے لگے اور وہ کھڑے تھے اور لوگ حضرت ابوبکرؓ کی اقتداء کرتے تھے اور نبی ﷺ بیٹھے ہوئے تھے۔ عبیداللہ نے کہا: میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے پاس گیا اور میں نے کہا: نبی ﷺ کی بیماری سے متعلق جو بات حضرت عائشہؓ نے مجھے بتائی ہے کیا وہ میں آپؐ کے سامنے بیان نہ کروں؟ انہوں نے کہا: کہیے تو میں نے حضرت عائشہؓ کی بات ان کے سامنے بیان کی تو انہوں نے اس میں سے کسی بات کا بھی انکار نہیں کیا۔ سوائے اس کے کہ انہوں نے کہا: کیا انہوں نے تمہیں اس شخص کا نام بتایا تھا جو حضرت عباسؓ کے ساتھ تھا؟ میں نے کہا: نہیں۔ کہا: وہ حضرت علیؓ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah