صحیح بخاری 6977
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابراہیم بن میسرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عمرو بن شرید سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت مسور بن مخرمہؓ آئے اور انہوں نے میرے کندھے پر اپنا ہاتھ رکھا اور میں اُن کے ساتھ حضرت سعدؓ کے پاس چلا گیا تو حضرت ابورافعؓ نے حضرت مسورؓ سے کہا: کیا تم سعد بن ابی وقاصؓ کو مشورہ نہیں دیتے کہ وہ مجھ سے میرا وہ گھر خرید لیں جو اُن کی حویلی میں ہے؟ تو حضرت سعدؓ نے کہا: میں اُن کو چار سو سے زیادہ نہیں دوں گا، وہ بھی اقساط کے ساتھ۔ انہوں نے کہا: مجھے تو پانچ سو نقد ملتے تھے مگر میں نے وہ گھر نہیں دیا اور اگر میں نے نبی ﷺ کو فرماتے نہ سنا ہوتا کہ ہمسایہ اپنے پڑوسی کی جائیداد کا زیادہ حقدار ہے تو میں تم کو یہ کبھی نہ بیچتا یا کہا: کبھی نہ دیتا۔ (علی بن مدینی کہتے تھے کہ) میں نے سفیان سے کہا کہ معمر نے یوں نہیں کہا۔ تو انہوں نے کہا: لیکن انہوں نے مجھے ایسا ہی بتایا اور بعض لوگوں نے کہا: اگر حق شفعہ بیچنا چاہے تو اس کے لئے جائز ہے کہ حیلہ کر کے شفعہ کو باطل کردے اور بیچنے والا مشتری کو وہ گھر ہبہ کر دے اور اس کی حد بندی کر دے اور اُس کو اُس کے حوالے کر دے اور خریدار اِس کے عوض میں بیچنے والے کو ایک ہزار درہم دے تو پھر شفعہ کے حقدار کو اس گھر کے متعلق شفعہ کا حق نہیں رہے گا۔