صحیح بخاری 7003: باب رُؤْيَا النِّسَاءِ
سعید بن عفیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے مجھے بتایا۔ عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ خارجہ بن زید بن ثابت نے مجھے خبر دی کہ حضرت اُم علاءؓ نے جو ایک انصاری عورت تھیں رسول اللہ ﷺ سے بیعت کی تھی۔ اُنہوں نے اُن کو بتایا کہ انصار نے قرعہ ڈال کر مہاجرین کو بانٹ لیا۔ حضرت اُم علاءؓ کہتی تھیں۔ عثمان بن مظعونؓ ہمارے حصے میں آئے اور ہم نے ان کو اپنے گھروں میں اتارا۔ پھر وہ اس بیماری میں مبتلا ہوئے جس میں وہ فوت ہوگئے تھے۔ جب وہ فوت ہوئے تو اُنہیں نہلایا گیا اور اُنہی کے کپڑوں میں انہیں کفنایا گیا۔ رسول اللہ ﷺ آئے۔ کہتی تھیں اور میں نے کہا: ابو سائب اللہ کی رحمت ہو تم پر۔ میری شہادت تمہارے متعلق یہی ہے کہ اللہ نے تمہیں ضرور ہی نوازا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہیں کیا پتہ کہ اللہ نے اِس کو نوازا ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرا باپ آپؐ پر قربان اور پھر اللہ کس کو نوازے گا؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عثمانؓ جو ہیں تو اللہ کی قسم اُن کو تو اب موت آن پہنچی، اللہ کی قسم میں اُن کے لئے بہتری کی اُمید رکھتا ہوں اور اللہ کی قسم میں بھی نہیں جانتا حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں کہ میرے ساتھ کیا کیا جائے گا؟ حضرت اُم العلاءؓ کہنے لگیں۔ اللہ کی قسم اب اس کے بعد میں کسی کو بھی پاک نہیں ٹھہراؤں گی۔