صحیح بخاری 7078: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " لاَ تَرْجِعُوا بَعْدِي كُفَّارًا، يَضْرِبُ بَ …
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ قرہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن سیرین نے ہمیں بتایا۔ ابن سیرین نے عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے، انہوں نے حضرت ابوبکرہؓ سے روایت کی اور ابنِ سیرین نے ایک اور شخص سے بھی روایت کی جو میرے نزدیک عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ سے افضل ہے اس شخص نے بھی حضرت ابو بکرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: سنو تم جانتے ہو کہ یہ کون سا دن ہے؟ لوگوں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ حضرت ابوبکرہؓ کہتے تھے، (آپؐ خاموش رہے) یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس دن کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ قربانی کا دن نہیں؟ ہم نے کہا بے شک یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کون سا شہر ہے؟ کیا یہ وہی حرمت والا شہر نہیں؟ ہم نے کہا: بے شک ہاں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر تمہارے خون اور تمہارے مال اور تمہاری عزتیں اور تمہارے بدن کے چمڑے تمہارے لئے ایسے ہی معزز ہیں جیسا کہ تمہارا یہ دن تمہارے اس مہینہ میں تمہارے اسی شہر میں معزز ہے۔ سنو! کیا میں نے یہ حکم پہنچا دیا ہے؟ ہم نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! گواہ رہ۔ جو حاضر ہے وہ غیر حاضر کو پہنچاوے کیونکہ کبھی وہ شخص جسے پہنچایا جاتا ہے ایسا بھی ہوتا ہے جو بات کو سمجھنے والا یاد رکھنے والا ہوتا ہے اور ایسا ہی ہوا۔ آپؐ نے فرمایا: میرے بعد پھر کافر نہ بن جانا کہ تم ایک دوسرے کی گردن زنی کرتے پھرو۔ جب وہ دن ہوا کہ جس دن عبداللہ بن عمرو حضرمی کو جاریہ بن قدامہ نے جلادیا۔ جاریہ نے کہا: ابوبکرہؓ کو جھانک کر دیکھو۔ لوگوں نے کہا: یہ حضرت ابوبکرہؓ موجود ہیں تم کو دیکھ رہے ہیں۔ عبدالرحمٰن بن ابی بکرہ کہتے تھے: میری والدہ نے حضرت ابوبکرہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے بیان کیا کہ وہ کہتے تھے کہ یہ لوگ میرے پاس اندر آ بھی جائیں تو میں مقابلے کے لئے ایک کانا (سرکنڈا) بھی نہ پکڑوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah