صحیح بخاری 7294: باب مَا يُكْرَهُ مِنْ كَثْرَةِ السُّؤَالِ وَتَكَلُّفِ مَا لاَ يَعْنِيهِ
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی۔ اور محمود نے مجھ سے بیان کیا کہ عبد الرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ جب سورج ڈھل گیا، باہر آئے اور آپؐ نے نماز ظہر پڑھائی۔ جب سلام پھیرا تو منبر پر کھڑے ہوئے اور اس گھڑی کا ذکر کیا اور بتایا کہ اس سے پہلے کئی عظیم الشان واقعات ہوں گے۔ پھر فرمایا: جو شخص کوئی بات پوچھنا چاہے تو وہ اس کے متعلق پوچھ لے۔ اللہ کی قسم! جب تک کہ میں اپنی اس جگہ کھڑا ہوں، جو بات بھی تم مجھ سے پوچھو گے میں وہ تمہیں ضرور بتاؤں گا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: یہ سن کر لوگ بہت روئے اور رسول اللہ ﷺ بھی بار بار فرماتے تھے: مجھ سے پوچھو۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: آخر ایک شخص اُٹھ کر آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں کہاں جاؤں گا؟ فرمایا: آگ میں۔ پھر عبداللہ بن حذافہؓ اُٹھے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! میرا باپ کون ہے؟ فرمایا: تمہارا باپ حذافہ ہے۔ پھر بار بار فرمانے لگے: مجھ سے پوچھو، مجھ سے پوچھو۔ یہ دیکھ کر حضرت عمرؓ دو زانو بیٹھ گئے اور کہنے لگے: ہم خوش ہیں کہ اللہ ہمارا ربّ ہے اور اسلام ہمارا دین ہے اور محمد ﷺ ہمارے رسول ہیں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: جب حضرت عمرؓ نے یہ کہا تو رسول اللہ ﷺ خاموش ہوگئے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: افسوس! اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، ابھی ابھی جبکہ میں نماز پڑھ رہا تھا جنت و دوزخ اس دیوار کے عرض میں میرے سامنے کی گئیں اور میں نے خیر و شر میں آج سا دن کبھی نہیں دیکھا۔
باب 3: باب مَا يُكْرَهُ مِنْ كَثْرَةِ السُّؤَالِ وَتَكَلُّفِ مَا لاَ يَعْنِيهِ