صحیح بخاری 7302: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّعَمُّقِ وَالتَّنَازُعِ فِي الْعِلْمِ وَالْغُلُوِّ فِي الدِّينِ …
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع بن عمر سے، نافع نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: قریب تھا کہ دو بہترین آدمی ہلاک ہو جاتے، یعنی حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ۔ جب بنو تمیم کے نمائندے نبی ﷺ کے پاس آئے تو ان دونوں میں سے ایک نے اقرع بن حابس تمیمی حنظلی کے متعلق مشورہ دیا، جو بنو مجاشع میں سے تھا اور دوسرے نے اس کے سوا کسی اور کے متعلق مشورہ دیا۔ اس پر حضرت ابوبکرؓ نے حضرت عمرؓ سے کہا: بس آپؓ تو مجھ سے اختلاف کرنا چاہتے ہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: آپؓ کی مخالفت کا میں نے ارادہ نہیں کیا۔ اس پر ان دونوں کی آوازیں نبی ﷺ کے پاس بلند ہوئیں۔ پھر یہ آیت نازل ہوئی: يٰۤاَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَرْفَعُوْۤا اَصْوَاتَكُمْ فَوْقَ صَوْتِ النَّبِيِّ…۔ ابن ابی ملیکہ کہتے تھے: حضرت ابن زبیرؓ نے کہا: اس کے بعد حضرت عمرؓ کی یہ عادت تھی اور انہوں نے اپنے نانا حضرت ابوبکرؓ کے متعلق یہ ذکر نہیں کیا کہ جب نبی ﷺ کوئی بات کرتے تو وہ آپؐ سے اتنی آہستہ بات کرتے جیسے کہ کوئی راز کی بات کر رہا ہے۔ اتنی کہ آپؐ کو اُن کی بات سنائی نہ دیتی یہاں تک کہ آپؐ حضرت عمرؓ سے دریافت فرماتے۔