صحیح بخاری 7304: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّعَمُّقِ وَالتَّنَازُعِ فِي الْعِلْمِ وَالْغُلُوِّ فِي الدِّينِ …
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے ہم سے بیان کیا۔ زہری نے حضرت سہل بن سعد ساعدیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عویمر عجلانیؓ عاصم بن عدی کے پاس آئے اور کہنے لگے: بھلا بتاؤ تو سہی کہ ایک شخص اپنی بیوی کے ساتھ کسی دوسرے شخص کو پائے اور وہ اس کو مار ڈالے تو کیا تم اس کو اس شخص کے بدلے میں مار ڈالو گے؟ عاصمؓ رسول اللہ ﷺ سے مجھے یہ پوچھ دو۔ تو انہوں نے آپؐ سے پوچھا تو نبی ﷺ نے ان سوالوں کو بُرا منایا اور معیوب گردانا۔ یہ دیکھ کر عاصمؓ لوٹ آئے اور عویمرؓ کو بتایا کہ نبی ﷺ نے ایسے سوالات کو ناپسند کیا ہے۔ عویمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! میں تو نبی ﷺ کے پاس ضرور جاؤں گا۔ چنانچہ وہ آئے اور اللہ تعالیٰ نے عاصمؓ کے جانے کے بعد قرآن نازل کردیا تھا تو آپؐ نے اس سے فرمایا: اللہ نے تمہارے متعلق قرآن نازل کردیا ہے۔ پھر آپؐ نے ان دونوں (میاں بیوی) کو بلا یا اور وہ آگے بڑھے اور انہوں نے آپس میں لعان کیا۔ پھر اس کے بعد عویمرؓ کہنے لگے: یا رسول اللہ! اگر میں نے اس کو اپنے پاس رکھا تو میں نے اس کے متعلق جھوٹ کہا۔ یہ کہہ کر عویمرؓ اس سے جدا ہو گئے حالانکہ نبی ﷺ نے اس سے علیحدگی کا انہیں حکم نہیں دیا تھا۔ آخر لعان کرنے والوں کے متعلق یہی طریقہ جاری ہوا اور نبی ﷺ نے فرمایا: اس عورت کو دیکھتے رہو، اگر تو وہ سرخ رنگ کا پست قد بچہ جنی جیسے چھوٹا گرگٹ ہوتا ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ اس شخص نے جھوٹ بولا اور اگر وہ سانولے رنگ کا بڑی آنکھوں والا بڑے سرینوں والا جنی تو میں سمجھتا ہوں کہ اس کے متعلق سچ کہا ہے۔ آخر وہ اسی مکروہ حلیہ کے مطابق جنی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah