صحیح بخاری 7305: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّعَمُّقِ وَالتَّنَازُعِ فِي الْعِلْمِ وَالْغُلُوِّ فِي الدِّينِ …
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ عقیل نے مجھ سے بیان کیا۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: مالک بن اوس نصری نے مجھے بتایا اور محمد بن جبیر بن مطعم نے مجھ سے اس کا کچھ ذکر کیا تھا (جو سن کر) میں مالک کے پاس گیا اور میں نے ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: میں چل پڑا اور حضرت عمرؓ کے پاس اندر گیا۔ اتنے میں ان کا دربان یرفا ان کے پاس آیا اور کہنے لگا: کیا آپؓ حضرت عثمانؓ اور حضرت عبدالرحمٰن بن زبیرؓ اور حضرت سعدؓ کو ملنا چاہیں گے وہ اجازت مانگ رہے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: ہاں۔ چنانچہ وہ اندر آئے اور انہوں نے سلام کیا اور بیٹھ گئے، پھر یرفا نے کہا: کیا آپؓ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کو ملنا چاہیں گے؟ تو حضرت عمرؓ نے ان دونوں کو اجازت دی۔ حضرت عباسؓ نے کہا: امیر المومنین! میرے اور اس ظالم کے درمیان فیصلہ کر دیں۔ ان دونوں نے آپس میں ایک دوسرے کو بُرا بھلا کہا تو وہ لوگ (یعنی) حضرت عثمانؓ اور ان کے ساتھی کہنے لگے: امیر المومنین! ان دونوں کے درمیان فیصلہ کردیں اور ایک کو دوسرے سے چھٹکارا دلائیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: ذرا ٹھہرو۔ میں تم کو اس اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں جس کے حکم سے یہ آسمان اور زمین قائم ہیں، کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہوتا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی اس سے مراد اپنی ذات تھی۔ اس جماعت نے کہا: بے شک آپؐ نے ایسا فرمایا تھا۔ پھر حضرت عمرؓ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: میں تم دونوں سے اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں۔ کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے ایسا فرمایا تھا؟ ان دونوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اب میں اس معاملے کی حقیقت تم سے بیان کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے اس مال میں اپنے رسول ﷺ کے لئے کچھ حصہ مخصوص کر دیا تھا جو اس نے آپؐ کے سوا اور کسی کو نہیں دیا کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: مَاۤ اَفَآءَ اللّٰهُ عَلٰى رَسُوْلِهٖ مِنْهُمْ فَمَاۤ أَوْجَفْتُمْ۔ تو یہ مال رسول اللہ ﷺ کے لئے خاص کر تھا۔ پھر اللہ کی قسم آپؐ نے تمہیں چھوڑ کر اس کو اپنے لئے سنبھال نہیں رکھا اور نہ ہی اس میں تم پر اپنے آپ کو مقدم کیا اور تمہیں بھی یہ مال دیا اور تمہارے درمیان اس کو فراخ دلی سے تقسیم کیا۔ آخر اس میں سے یہ جائیداد باقی رہی اور اس جائیداد سے نبی ﷺ اپنے گھر والوں کو ان کے ایک سال کا خرچ دیا کرتے تھے اور جو باقی رہتا وہ لے کر آپؐ اس کو وہاں خرچ کرتے جہاں اللہ کا مال خرچ کیا جاتا ہے۔ نبی ﷺ اپنی زندگی میں اس پر عمل درآمد کرتے رہے۔ میں تم لوگوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں۔ کیا تم یہ جانتے ہو؟ ان لوگوں نے کہا: ہاں۔ پھر حضرت عمرؓ نے حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ سے کہا: میں تم دونوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں۔ کیا تم جانتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر اس کے بعد اللہ نے اپنے نبی ﷺ کو وفات دی اور حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کا ولی ہوں اور حضرت ابوبکرؓ نے اس جائیداد کو اپنے قبضے میں لیا اور اس میں وہی تصرف کیا جو رسول اللہ ﷺ اس میں کیا کرتے تھے اور اس وقت تم دونوں، حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف آپؓ متوجہ ہوئے، یہ خیال کرتے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ اس جائیداد کے معاملہ میں ایسے ایسے ہیں اور اللہ جانتا ہے کہ وہ اس میں سچے نیک راہ راست پر چلنے والے حق کے پیرو تھے۔ پھر اس کے بعد اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو وفات دی اور میں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا ولی ہوں۔ میں نے اس جائیداد کو دو سال تک اپنے قبضہ میں رکھا، اس میں وہی تصرف کرتا تھا جو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کرتے رہے پھر تم دونوں میرے پاس آئے اور تم دونوں کی بات ایک ہی بات تھی اور تمہارا آپس میں اتفاق تھا۔ عباسؓ! تم میرے پاس آئے مجھ سے اپنا وہ حصہ مانگنے لگے جو تمہیں اپنے بھتیجے کی طرف سے پہنچتا تھا اور یہ میرے پاس آئے مجھ سے اپنی بیوی کا حصہ مانگنے لگے جو اس کو اس کے باپ کی طرف سے پہنچتا تھا۔ میں نے کہا: اگر تم دونوں یہ چاہو تو میں یہ جائیداد تم دونوں کے سپرد کئے دیتا ہوں اس شرط پر کہ تم دونوں پر اللہ کا عہد اور اس کا پختہ پیمان ہوگا کہ تم دونوں اس جائیداد میں وہی تصرف کرو گے جو رسول اللہ ﷺ نے کیا اور جو تصرف اس میں حضرت ابوبکرؓ نے کیا اور جو تصرف میں نے اس وقت سے کیا جب سے میں اس کا نگران ہوا، ورنہ تم اس کے متعلق مجھ سے بات نہ کرو تو تم دونوں نے کہا: اس شرط پر آپ ہمارے حوالے کردیں چنانچہ میں نے اس شرط پر یہ جائیداد تم دونوں کے حوالے کردی۔ میں تم سے اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں، کیا میں نے یہ جائیداد اس شرط پر ان دونوں کے حوالے کی تھی؟ اس جماعت نے کہا: ہاں۔ پھر حضرت عمرؓ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہنے لگے: میں تم دونوں سے اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں۔ کیا میں نے یہ جائیداد تمہارے حوالے اس شرط پر کی تھی؟ ان دونوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: تو پھر کیا تم مجھ سے اس کے سوا کوئی اور فیصلہ چاہتے ہو؟ اس ذات کی قسم! جس کے حکم سے آسمان اور زمین قائم ہیں، اس کے سوا کوئی اور فیصلہ میں اس کے متعلق نہیں کروں گا یہاں تک کہ وہ گھڑی بھی برپا ہوجائے۔ اگر تم دونوں اس جائیداد کے انتظام سے عاجز آگئے ہو تو اس کو میرے سپرد کردو، میں تمہاری جگہ اس کا انتظام کر لوں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah