صحیح بخاری 7377: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَبَارَكَ وَتَعَالَى: {قُلِ ادْعُوا اللَّهَ أَوِ ادْعُوا الرَّحْمَنَ …
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم احول سے، عاصم نے ابوعثمان نہدی سے، ابوعثمان نے حضرت اُسامہ بن زیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نبی ﷺ کے پاس تھے کہ اتنے میں آپؐ کی بیٹیوں میں سے ایک بیٹی کا پیغام رساں آپؐ کے پاس آیا۔ اس (بیٹی) نے آپؐ کو اپنے بیٹے کے پاس بلایا جو مرنے کے قریب تھا تو نبی ﷺ نے فرمایا: واپس جاؤ اور اُسے کہو کہ اللہ ہی کا ہے جو وہ لے لے اور اسی کا ہے جو وہ دے دے اور اس کے پاس ہر شے کا ایک وقت مقرر ہے۔ اس سے کہو کہ وہ صبر کرے اور اللہ کی رضامندی چاہے۔ آپؐ کی بیٹی نے پیغام رساں کو واپس بھیجا کہ وہ قسمیں دیتی ہے کہ آپؐ اس کے پاس ضرور آئیں۔ اس پر نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور حضرت سعد بن عبادہؓ اور حضرت معاذ بن جبلؓ بھی آپؐ کے ساتھ ہی کھڑے ہو گئے۔ وہ بچہ آپؐ کو دیا گیا اور اس کا دم ٹوٹ رہا تھا جیسے کہ وہ دم پرانی مشک میں ہے۔ یہ دیکھ کر آپؐ کی آنکھوں سے آنسو بہہ پڑے۔ حضرت سعدؓ نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! یہ کیا؟ آپؐ نے فرمایا: یہ رحمت ہے جسے اللہ نے اپنے بندوں کے دلوں میں ڈالا ہے اور اللہ بھی اپنے بندوں میں سے انہی پر رحم کرتا ہے جو رحم کرتے ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah