صحیح بخاری 7472: باب فِي الْمَشِيئَةِ وَالإِرَادَةِ
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ اور اعرج سے روایت کی۔ نیز اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن اور سعید بن مسیب سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: مسلمانوں میں سے ایک شخص اور یہودیوں میں سے ایک شخص نے آپس میں ایک دوسرے کو برا بھلا کہا۔ مسلمان نے یہ کہا: اس ذات کی قسم جس نے محمدؐ کو تمام جہانوں سے بہتر سمجھ کر چن لیا۔ قسم تھی جو وہ کھایا کرتا تھا۔ یہودی نے کہا: اسی ذات کی قسم جس نے موسیٰؑ کو تمام جہانوں سے بہتر سمجھ کر چن لیا۔ اس پر مسلمان نے اپنا ہاتھ اٹھایا اور یہودی کو ایک تھپڑ لگایا۔ یہودی رسول اللہﷺ کے پاس چلا گیا اور اس نے آپؐ کو وہ واقعہ بتایا جو اس کا اور مسلمان کا تھا۔ نبیﷺ نے فرمایا: تم موسیٰؑ سے مجھے بہتر قرار نہ دو کیونکہ لوگ قیامت کے روز بے ہوش ہو جائیں گے اور میں پہلا ہوں گا جو ہوش سنبھالے گا اور کیا دیکھوں گا کہ موسیٰؑ عرش کا کونہ پکڑے ہوئے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ آیا وہ بھی ان لوگوں میں سے تھے جو بے ہوش ہوئے اور مجھ سے پہلے ہوش میں آئے یا ان لوگوں میں سے تھے جن کو اللہ نے مستثنیٰ رکھا۔