صحیح بخاری 7478: باب فِي الْمَشِيئَةِ وَالإِرَادَةِ
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوحفص عمرو نے ہمیں بتایا۔ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے مجھے بتایا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ اور حضرت حر بن قیس بن حصن فزاریؓ حضرت موسیٰؑ کے ساتھی کے بارے میں کہ آیا وہ خضر تھے آپس میں بحث کرنے لگے۔ اسی اثنا میں حضرت ابی بن کعب انصاریؓ ان دونوں کے پاس سے گزرے تو حضرت ابن عباسؓ نے ان کو بلایا اور کہا کہ میں اور میرا یہ ساتھی حضرت موسیٰؑ کے اس ساتھی کے متعلق آپس میں بحث کر رہے ہیں جس کی ملاقات کے لئے حضرت موسیٰؑ نے راستہ دریافت کیا تھا۔ کیا آپؓ نے رسول اللہ ﷺ کو اس کا واقعہ بیان کرتے سنا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا: اسی اثنا میں کہ حضرت موسیٰؑ بنی اسرائیل کے مجمع میں تھے کہ اتنے میں ایک شخص آپؑ کے پاس آیا اور پوچھا: کیا آپؑ کسی کو جانتے ہیں جو آپؑ سے زیادہ عالم ہو؟ حضرت موسیٰؑ نے کہا نہیں۔ اس پر حضرت موسیٰؑ کو وحی کی گئی نہیں بلکہ ہمارا بندہ خضر (زیادہ عالم ہے۔) حضرت موسیٰؑ نے ان کی ملاقات کے لئے راستہ دریافت کیا تو اللہ نے ان کے لئے مچھلی ایک نشانی مقرر کردی اور ان سے کہا گیا: جب تم اس مچھلی کو کھو بیٹھو تو پھر تم لوٹ آؤ کیونکہ تم اس سے ملو گے۔ حضرت موسیٰؑ اس مچھلی کے نشان کے پیچھے پیچھے جو سمندر میں تھا، جاتے تھے۔ حضرت موسیٰؑ کے نوجوان نے حضرت موسیٰؑ سے کہا کہ جب ہم نے چٹان کے پاس آرام کیا تو میں اس چٹان کے پاس مچھلی کو بھول گیا۔ شیطان نے ہی مجھے اس کا یاد رکھنا بھلا دیا۔ حضرت موسیٰؑ نے کہا: یہی تو وہ تھا جو ہم چاہتے تھے۔ اس پر وہ دونوں اپنے قدموں کے نشان کا کھوج لیتے ہوئے واپس لوٹے اور انہوں نے خضر کو پالیا۔ پھر ان کا وہی واقعہ ہے جو اللہ نے بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah