صحیح بخاری 7519: باب كَلاَمِ الرَّبِّ مَعَ أَهْلِ الْجَنَّةِ
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا کہ فلیح نے ہمیں بتایا۔ ہلال نے ہم سے بیان کیا۔ ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک دن باتیں کر رہے تھے اور اس وقت آپؐ کے پاس اہل بادیہ میں سے ایک شخص تھا، کہ جنتیوں میں سے ایک شخص نے کھیتی باڑی کرنے کی اجازت مانگی تو پروردگار نے اس سے فرمایا: کیا تمہیں وہ سب کچھ نہیں ملا جو تم نے چاہا؟ اس نے کہا: بے شک مگر میں کھیتی باڑی کرنا چاہتا ہوں۔ اس نے جلدی سے زمین کو تیار کیا اور بیج بویا، آنکھ جھپکنے سے پہلے پہلے وہ اُگی اور پک کر تیار ہوگئی اور کٹ گئی اور پہاڑوں کی طرح ڈھیر بھی لگ گئے تو اللہ تعالیٰ فرمائے گا: اے ابن آدم! لو سنبھالو کیونکہ تمہیں کوئی چیز بھی سیر نہیں کرتی۔ تو وہ بدوی بولا: یا رسول اللہ! آپؐ اس شخص کو قریشی یا انصاری ہی پائیں گے کیونکہ یہی لوگ زراعت پیشہ ہیں اور ہم جو ہیں تو ہم تو زراعت پیشہ نہیں۔ رسول اللہ ﷺ یہ سن کر ہنس پڑے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah