صحیح بخاری 7524: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {لاَ تُحَرِّكْ بِهِ لِسَانَكَ}
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن ابی عائشہ سے، موسیٰ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے اللہ تعالیٰ کے قول لَا تُحَرِّكْ بِهٖ لِسَانَكَ کے متعلق روایت کی۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: نبی ﷺ وحی کے نازل ہونے سے سخت تکلیف اٹھایا کرتے تھے اور اپنے ہونٹوں کو ہلاتے تھے۔ حضرت ابن عباسؓ نے مجھ سے کہا: میں تمہیں ہونٹ اس طرح ہلا کر دکھاتا ہوں جس طرح رسول اللہ ﷺ ہونٹ ہلا یا کرتے تھے۔ سعید نے کہا: میں ہونٹ اس طرح ہلاتا ہوں جس طرح حضرت ابن عباسؓ نے ہلایا اور یہ کہہ کر انہوں نے اپنے ہونٹ ہلائے۔ تب اللہ عزوجل نے یہ آیت نازل کی: (اے نبی) تُو اپنی زبان کو حرکت نہ دے تاکہ یہ قرآن جلدی نازل ہو جائے۔ اس کا جمع کرنا بھی ہمارے ذمہ ہے اور اس کا دنیا کے سامنے سنانا بھی (ہمارے ذمہ ہے)۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: جَمْعُهُ مراد ہے کہ آپؐ کے سینے میں اس کو محفوظ کرنا۔ پھر اس کے بعد تم اسے پڑھو اور فَاِذَا قَرَاْنٰهُ فَاتَّبِعْ قُرْاٰنَهٗ۔ (پس جب ہم اسے پڑھ لیا کریں تو ہمارے پڑھنے کے بعد تُو بھی پڑھ لیا کر) حضرت ابن عباسؓ نے کہا: اس کو غور سے سنو اور خاموش رہو۔ پھر ہمارے ہی ذمہ ہوگا کہ تو اس کو پڑھے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: چنانچہ رسول اللہ ﷺ جب جبریل علیہ السلام آپؐ کے پاس آتے تو غور سے سنتے۔ جب جبریلؑ چلے جاتے تو نبی ﷺ اسی طرح پڑھتے جس طرح جبریلؑ نے آپؐ کو پڑھایا ہوتا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 43: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {لاَ تُحَرِّكْ بِهِ لِسَانَكَ}