صحیح بخاری 7550: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {فَاقْرَءُوا مَا تَيَسَّرَ مِنَ الْقُرْآنِ}
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ مجھے عروہ نے بتایا۔ انہیں مسور بن مخرمہ اور عبدالرحمٰن بن عبدالقاری نے بتایا، ان دونوں نے حضرت عمر بن خطابؓ سے سنا، وہ کہتے تھے: میں نے حضرت ہشام بن حکیمؓ کو رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں سورة الفرقان پڑھتے سنا۔ میں نے ان کی قراءت کو کان لگا کر جو سنا تو کیا سنتا ہوں کہ وہ بہت سی ایسی طرزوں سے پڑھ رہے ہیں جو رسول اللہ ﷺ نے مجھے نہیں پڑھائی تھیں۔ قریب تھا کہ میں نماز میں ہی ان پر لپک پڑتا مگر میں نے بڑا صبر کیا یہاں تک کہ انہوں نے سلام پھیرا تو میں نے ان کی چادر کو گریبان سے پکڑ لیا۔ میں نے کہا: یہ سورة جو کہ میں نے تمہیں پڑھتے ہوئے سنی ہے تمہیں کس نے پڑھائی ؟ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے یہ پڑھائی تھی۔ میں نے کہا: تم نے غلط کہا ہے۔ جو قراءت تم نے پڑھی ہے اُس کے برخلاف ایک اور طرز سے آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔ یہ کہہ کر میں ان کو رسول اللہ ﷺ کے پاس کھینچتے ہوئے لے گیا۔ میں نے کہا: میں نے اس کو سورة الفرقان ایسی طرزوں سے پڑھتے سنا جو آپؐ نے مجھے نہیں پڑھائی۔ آپؐ نے فرمایا: اسے چھوڑو۔ ہشام! پڑھو۔ انہوں نے وہ قراءت پڑھی جو میں نے ان سے سنی تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ سورة اسی طرح نازل کی گئی۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عمر! تم پڑھو اور میں نے وہ قراءت پڑھی (جو آپؐ نے مجھے پڑھائی تھی۔) آپؐ نے فرمایا: اسی طرح یہ سورة نازل کی گئی۔ دیکھو یہ قرآن سات طرزوں پر نازل کیا گیا ہے جو اس میں سے آسان ہو اس کو تم پڑھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
باب 53: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {فَاقْرَءُوا مَا تَيَسَّرَ مِنَ الْقُرْآنِ}